اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد، اپوزیشن کی 9 رکنی کمیٹی نے کام شروع کردیا ۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی کمیٹی سیاسی کے ساتھ آئینی و قانونی امور اور رکاوٹوں بارے بھی تیاری کرے گی۔تحریک عدم اعتماد کے موقع پر اپوزیشن کی حمایت کرنے والوں کو کیسے بچایا جائے؟ آئینی سوال پر غور شروع ۔اپوزیشن کمیٹی نے جن امور سے رکن کے نااہل ہونے کی تلوار لٹکتی ہے ان پر غور شروع کردیا ۔وزیراعظم پر اعتماد کا ووٹ، فنانس بل، اور آئینی ترمیم پر پارٹی فیصلے کی خلاف ورزی کے امور کا جائزہ لیا جارہا ہے۔اپوزیشن کے سینئر اور قانونی و آئینی امور کو سمجھنے والے ارکان کو اسی خاطر کمیٹی میں رکھا گیا ہے۔اعلی قیادتوں سے ملاقاتوں کے بعد اب کمیٹی حکومتی و اتحادی ممبران سے فرداً فرداً رابطے بھی کرے گی۔اپوزیشن کو تحریک کی کامیابی کے لئے کم از کم 172 ارکان کی حمایت لازمی درکار ہوگی۔قومی اسمبلی میں اس وقت حکومت کے پاس 178 اور اپوزیشن اتحاد کے 162 ممبران ہیں۔