بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی فلم ‘گنگوبائی کاٹھیاواڑی’ آج ریلیز ہو رہی ہے جو ان کی 20 ویں فلم ہے۔
سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں عالیہ لیڈی مافیا ‘گنگوبائی’ کے کردار میں نظر آئیں گی لیکن یہ فلم ریلیز سے قبل ہی کافی تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گنگوبائی کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم میں گنگوبائی کی غلط تصویر پیش کی گئی ہے، اس کے بعد سپریم کورٹ نے فلم بنانے والوں کو فلم کا نام تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔
عالیہ بھٹ نے اپنے کیرئیر کا آغاز 2012 میں کرن جوہر کی فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ سے کیا۔ اس فلم میں ورون دھون اور سدھارتھ ملہوترا بھی مرکزی کردار میں تھے۔ اداکارہ نے اس فلم کے لیے 16 کلو وزن کم کیا تھا جب کہ فلم ‘سنگھرش’ (1999) میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔
اداکارہ کی اب تک 20 فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں جن میں سے عالیہ 14 فلموں میں مرکزی کردار میں تھیں۔ ان کی چند سپر ہٹ فلموں میں رازی، بدری کی دلہنیا، 2 اسٹیٹس اور ڈیئر زندگی شامل ہیں۔
عالیہ کو اب تک 12 ایوارڈ مل چکے ہیں جن میں سے 4 فلم فیئر ایوارڈز ہیں۔ ہائی وے – بہترین اداکارہ (2014)، رازی – بہترین اداکارہ (2019)، گلی بوائے – بہترین اداکارہ (2020)، اڑتا پنجاب (2017)۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عالیہ بھٹ کی کل جائیداد 74 کروڑ ہے اور وہ ایک فلم کے لیے تقریبا 15 کروڑ روپے لیتی ہیں جبکہ اداکارہ کی اشتہار کی توثیق کی فیس ایک سے 3 کروڑ تک ہے۔