بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم عمران خان سوموار کو قوم سے خطاب کریں گے

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان سوموار کو قوم سے خطاب کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عالمی مہنگائی کے ملکی معیشت پر اثرات سے متعلق قوم کو اعتماد میں لیں گے اور عالمی منظر نامہ پر موقف سے قوم کو آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے خطاب کے معاملے پر معاشی ٹیم کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس کل بنی گالہ میں ہو گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم معاشی ٹیم سے موجودہ صورتحال پر بریفنگ لیں گے، خطاب سے قبل معاشی ٹیم کے ہمراہ تمام صورتحال کا جائزہ لیں گے، معاشی ٹیم سے مشاورت کے بعد خطاب کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا، وزیراعظم آفس کی معاشی ٹیم کو اسلام آباد رہنے کی ہدایت کر دی گئی۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس ہوا تھا، جس میں حالیہ دورہ روس اور پاک روس تعلقات پرہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی گئی، اجلاس میں ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور عالمی سطح پر اشیا کی بڑھتی قیمتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں 100ڈالر فی بیرل سے زائد ہوگئی ہیں، گیس کی قیمت میں بھی 3 سے 5 گنا اضافہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمرا ن خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک عالمی سطح پر بڑھتی مہنگائی سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، عالمی سطح پر بڑھتی قیمتوں کے اثرات کو روکنا اولین ترجیح ہے۔