اسلام آباد(محمداکرم عابد)کیاتحریک عدم اعتمادکے معاملات پیچیدگی کی طرف جارہے ہیں۔ اپنے اپنے سیاسی فوائدکے حصول کی خواہشات نے اپوزیشن کی ہم آہنگی میں رخنہ پیدا کردیا ہے۔ اپوزیشن تاحال تحریک عدم اعتمادصف بندی نہ کرسکی ۔اپوزیشن کے دونوں بڑے قائدین محمدنوازشریف اور آصف علی زرداری اپنی اپنی سطح پر مستقبل کی پیش بندی میں مصروف ہیں جو کہ اقتدار کاحصول ہے ۔ جب کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بڑی اپوزیشن جماعتوں کودباؤمیں لانے کے لئے کئی کارڈزرکھتے ہیں وہ بیک وقت نوازشریف اور آصف علی زرداری دونوں کے موقف کے حمایتی نظر آتے ہیں ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان اپنے بیٹے مولانا اسعدمحمودکی وزیراعظم کی نامزدچاہتے ہیں تاہم اس کے ساتھ ان کا ایک اور آپشن بھی ہے اور وہ صدارتی عہدہ ہے۔تحریک عدم اعتمادکی کامیابی پر وہ صدرکی رخصتی چاہتے ہیں اورخودصدارتی محل پر نظریں جمائے ہوئے ہیں ۔وزیراعظم کسی اور جماعت سے قبول کرلیں گے ۔ یہ بھی معلوم ہواہے کہ مشروط طورپروزیراعظم پی پی پی سے نامزدکیا جاسکتا ہے کہ تحریک عدم اعتمادکی کامیابی کی صورت میں وہ فوری طورپراسمبلیاں تحلیل کردے۔ پی پی پی کو اس میں مسلم لیگ(ن) کا فائدہ نظر آرہا ہے ۔یہی وجہ اپوزیشن تاحال کسی معاملے پر یکسونظرنہیں آتی ہے۔ غیرمعمولی اعلانات کسی نتیجہ خیز مشاورت کے بغیر کر دئے گئے تھے اور اب کسی کو کچھ سجائی نہیں دے رہا ہے مولانا فضل الرحمان، نوازشریف اور آصف علی زرداری تینوں کسی متفقہ آپشن کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہ کرسکے ہیں جب کہ اپوزیشن کے بعض نادان دوستوں کی وجہ سے بھی معاملات کوحتمی شکل نہ دی جاسکی ہے۔ معاملات پیچیدگی کی طرف جارہے ہیں۔ فیصلوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں تاخیر کاخدشہ ہے حکمران اتحادمیں راوی چین ہی چین لکھتے نظر آتاہے۔