اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)27 فروری کا دن پاکستانی یقیناً سرپرائز ڈے کے نام سے یاد رکھتے ہیں کیونکہ اس دن مشہور آپریشن سوفٹ ریٹارٹ انجام پایا تھا جسے آج 3 سال مکمل ہوگئے ہیں۔
اس اہم ترین آپریشن کو تین سال کا عرصہ گزر جانے پر پاک فضائیہ نے نغمہ جاری کیا ہے، یہ نغمہ تقریباً 4 منٹ کے دورانیے پر مشتمل ہے جس میں پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔
آج کے دن پاک فضائیہ کے شاہینوں نے بھارتی فضائیہ کے برتری کے تمام دعوؤں کو خاک میں ملا دیا تھا، پاک فضائیہ کے شاہینوں کی جانب سے بھارتی فضائیہ کے مگ ٹوئنٹی ون اور سخوئی تھرٹی طیارے مار گرائے گئے تھے۔
پاک فوج نے آزاد کشمیر میں پیرا شوٹ سے اترنے والے اور مقامی افراد کے ہاتھوں لہو لہان ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو پکڑ لیا اور پھر جذبہ خیر سگالی کے تحت اسے چائے پلا کر رخصت کیا گیا۔
بھارتی ونگ کمانڈر کی وردی، جہاز کی باقیات اور چائے کا کپ پی اے ایف میوزیم کراچی کی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ گیلری میں محفوظ ہیں۔
پی اے ایف میوزیم کراچی میں رکھے سرپرائز بھارت کو غلط فہمی کے آسمان سے گرانے والے زمینی حقائق بتا رہے ہیں۔