کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی میں الآصف اسکوائر کے قریب گزشتہ رات جھگیوں میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے میں 2 سگے بھائی جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والا 20 سال کا نوجوان دوران علاج دم توڑ گیا۔ گزشتہ روز خاتون کا چھوٹا بیٹا بھی جھلسنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔
جاں بحق نوجوان کی والدہ کی جانب سے پریس کلب کے باہر میت رکھ کر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والے لڑکوں کی والدہ نے بتایا کہ گزشتہ روز کچھ لوگ آئے اور کہا کہ گھر خالی کرو، دوسرا گھر دیکھنے گئی اور جب واپس آئی تو گھر میں آگ لگی ہوئی تھی۔
متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ جاں بحق چھوٹے بیٹے کی عمر 8 سال اور بڑے کی عمر 20 سال تھی، مجھے انصاف دیا جائے اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔