اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی میڈیا پر ان دنوں پریانکا چوپڑا کے ماضی کا ایک انٹرویو زیرِ گردش ہے جس میں اداکارہ نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے ابھیشیک کا موبائل چوری کرکے چھوٹی سی شرارت کی تھی۔
معروف اداکارہ، پروڈیوسر اور میزبان سیمی گریوال نے پریانکا کا ماضی میں ایک انٹرویو کیا تھا جس کی ویڈیو انہوں نے انسٹاگرام پر حال ہی میں شیئر کی جس میں اداکارہ 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘بلف ماسٹر’ کے سیٹ پر ہوئے دلچسپ قصے کے بارے میں بتارہی ہیں۔
ویڈیو میں سیمی نے پریانکا سے پوچھا کہ آپ نے ابھیشیک بچن کا موبائل چرایا تھا ؟ جس پر اداکارہ حیرانی کے بعد کھلکھلا اٹھتی ہیں اور کہتی ہیں کہ پہلے اس نے چوری کیا تھا۔
پریانکا نے بتایا کہ دراصل ہوا یہ تھا کہ ابھیشیک نے میرا موبائل بغیر اجازت لیا اور اسے بند کرکے چھپا لیا تاکہ مجھے نہ ملے اور میں پریشان ہوجاؤں، میں کافی دیر تک فون ڈھونڈتی رہی، اندازہ تھا کہ یہ ابھیشیک کا کام ہے۔
انہوں نے کہا آخر میں ابھیشیک نے مجھے میرا فون دے دیا، بعدازاں وہ غلطی سے اپنا موبائل وین میں چھوڑ گیا ، میں نے ابھیشیک کا فون لے کر شرارت میں رانی مکھرجی کو میسج کیا کہ ‘مجھے تمہاری یاد آرہی ہے تم کیا کررہی ہو‘؟
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ابھیشیک کے فون سے رانی کو میسج کرکے میں گھبراگئی تھی لہٰذا میں نے اس کا فون آف کیا اور وین میں ہی چھپا دیا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس سب میں اداکار رتیش دیش مکھ بھی میرے ساتھ تھے۔