بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران خطرناک جانور سڑک پر آگیا، آگے کیا ہوا ویڈیو دیکھیں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا میں چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران ایک بڑا مگرمچھ گاڑی کا شیشہ توڑ کر سڑک پر آگیا، لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، عملے نے پکڑلیا۔

مگرمچھ چھوٹا بھی ہو تو خوف کی علامت ہوتا ہے اگر چڑیا گھر میں دیکھنے کا موقع ملے تو لوگ بھی اسے دور دور سے ہی دیکھتے ہیں لیکن اگر کئی فٹ طویل ایک مگرمچھ اچانک سڑک پر آجائے تو کیا ہو؟

امریکی ریاست فلوریڈا میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جہاں ایک دیوہیکل مگرمچھ چڑیا گھر سے منتقلی کے دوران گاڑی کا پچھلا شیشہ توڑ کر سڑک پر آگیا جس کو دیکھ کر سفر کرنے والے مسافروں کی چیخیں نکل گئیں اور وہ سخت خوفزدہ ہوگئے۔

اس موقع پر چڑیا گھر کے عملے نے تگ ودو کے بعد اس مگرمچھ کو کسی کو نقصان پہنچائے بغیر پکڑلیا جس کی وہاں موجود لوگوں نے ویڈیو بنائی اور یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خبر کے مطابق فلوریڈا کے سینٹ آگسٹین ایلیگیٹر فارم زولوجیکل پارک کا عملہ ایک بڑے مگرمچھ کو منتقل کررہا تھا کہ اچانک مگرمچھ گاڑی کا شیشہ توڑ کر سڑک پر نکل آیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔

سڑک پر اتنا بڑا مگرمچھ دیکھ کر لوگ حواس باختہ ہوگئے، کئی خوفزدہ لوگوں کی چیخیں نکل گئیں، مگرمچھ کی حرکت سے لگا کہ وہ وین سے آزاد ہوکر بھاگنا چاہ رہا تھا۔

لیکن اس سے قبل کہ مگرمچھ کسی انسان کے لیے خطرے کا باعث بنتا زولوجیکل پارک کا عملہ حرکت میں آیا اور اس نے کافی تگ ودو کے بعد اس مگرمچھ پر قابو پاکر اسے پکڑلیا، جس کی وہاں سے گزرنے والے افراد نے ویڈیو بنالی۔

ویڈیو میں ایک وین دکھائی دے رہی ہے جسکا عقبی شیشہ ٹوٹا ہوا ہے اور قریب ایک مگرمچھ بھاگنے کی کوشش کررہا ہے جس کو چڑیا گھر کے اہلکار پکڑنے کی کوشش کررہے ہیں ان میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔

متعلقہ چڑیا گھر نے بھی اپنی فیس بک پوسٹ پر مذکورہ ویڈیو شیئر کرکے بتایا ہے کہ عملے نے کافی تگ ودو کے بعد اس بے قابو مگرمچھ پر قابو پایا ورنہ یہ عام لوگوں کے لیے خطرہ بن سکتا تھا۔

ویڈیو دیکھنے والے صارفین نے مگرمچھ کو فوری پکڑنے پر عملے کی تعریف بالخصوص عملے میں شامل دونوں خواتین کی بہادری کی تعریف کی ہے۔