لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ق لیگ اور ایم کیو ایم کے ساتھ رابطے میں ہیں، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کچھ دوستوں سے بھی رابطہ ہوا ہے۔
لاہور میں فواد چوہدری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس سال وزیراعظم نے عہدے کا حلف اٹھایا 10 بلین ڈالرزکا قرضہ واپس کیا، سعودی عرب، چین اور یو اے ای نے مشکل وقت میں امداد دی اور پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان عوام کے دکھ اور درد کو سمجھتے ہیں، ہم نےاحساس پروگرام شروع ہی کیا تھا تو کورونا آگیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ بھاگ دوڑ کرلیں، یہ اپنے حسد میں خود ہی جل کر خاک ہوجائیں گے، ہمارے اتحادیوں کے ساتھ رابطے ہیں، چوہدری شجاعت، پرویز الٰہی اورمونس الٰہی سے رابطے ہوئے ہیں، چوہدریوں کا وزیراعظم سے قریبی رابطہ ہے۔
فواد چوہدری نے سوال کیا کہ کیا یہ پیپلزپارٹی کی لانگ مارچ ہے؟ پیپلز پارٹی نے پولیس کی گاڑیوں پر جھنڈے لگائے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلاول نے زندگی میں کبھی سیاست نہیں کی، بلاول بھٹو بے نظیر بھٹوکے لانگ مارچ کی ویڈیو دیکھ لیں۔
فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز نے زرداری صاحب کے بارے میں جوکل کہا ہے وہ ان کےدل کی آواز ہے،ہمیں یہ نہیں پتہ کہ حمزہ شہباز بھی ن لیگ کا ٹکٹ لیں گے یا نہیں۔