بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چارہ کرپشن کیس: بھارتی ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرشاد کو پانچ سال قید

نئی دہلی (سیف اللہ )بھارتی ریاست بہارکے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادیو کو پانچویں چارہ کرپشن کیس میں 5 سال قید اور جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست جھاڑکھنڈ کے شہر رانچی میں سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت نے راشٹریہ جنتا دل کے 73 سالہ سربراہ کو چارہ کرپشن کیس میں 5 سال قیدکی سزا سنائی، عدالت نے انہیں 60 لاکھ بھارتی روپے (تقریباً ایک کروڑ 40 لاکھ روپے) جرمانہ ادا کرنےکا بھی حکم دیا ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لالو پرساد سمیت دیگر 39 افراد کو بھی سزا سنائی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق لالو پرساد اسپتال میں زیر علاج ہیں، اور عدالت نے انہیں بذریعہ ویڈیو کانفرنس سزا سنائی ہے۔خیال رہےکہ اس سے قبل مختلف عدالتوں نے لالو پرساد کو چارہ فراڈ اسکینڈل کے 4 کیسز میں سزا سنائی تھی اور چاروں میں وہ ضمانت پر رہا ہیں، اب انہیں پانچویں کیسز میں بھی سزا سنائی گئی ہے جب کہ اسی حوالے سے ایک اور کیس ابھی زیر سماعت ہے ٹوئٹر پر ایک بیان میں لالو پرساد نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ‘میں ان لوگوں سے لڑتا ہوں جو قوم میں تفریق پیدا کرتے ہیں، یہ لوگ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، اس لیے سازشوں میں پھنسانے کی کوشش کرتے ہیں، میں نہ تو کسی سے ڈرا ہوں اور نہ ہی کسی کے آگے جھکا ہوں، میں لڑتا رہوں گا، ایک بزدل کبھی لڑنے والے کی جدوجہد کو نہیں سمجھ سکتا’۔لالو پرساد کے وکیل کا کہنا ہے کہ وہ اس فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے اور امید ہے کہ عدالت ان کے مو¿کل کی سزا ختم کردے گی۔