اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک بھارت انڈس واٹر کمشنرز کے درمیان مذاکرات کے پہلے روز پاکستان نے دریائے چناب پربھارت کے کیرو پن بجلی منصوبے کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھایا۔
تفصیلا ت کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت انڈس واٹر کمشنر سید مہر علی شاہ نے کی جبکہ بھارتی وفد کی سربراہی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا نے کی ۔ذرائع کے مطابق انڈس واٹر کمشنرز کی مستقبل میں ہونے والی ملاقاتوں، دوروں پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بھارت کے متنازع پن بجلی منصوبوں پر بات چیت ہوئی ۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے دریائے چناب بھارت کے کیرو پن بجلی منصوبے کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھایا جس پر بھارتی وفد نے رواں سال متنازع پن بجلی منصوبوں کا دورہ کرانے کی یقین دہانی کرائی ۔ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے مطالبہ کیا کہ پاکستان کیرو پن بجلی منصوبے کا ڈیزائن غلط ہونے کا ثبوت فراہم کرے، پاکستانی اعتراضات کا 15 روز میں جواب دینگے، پاکستان اور بھارت کے درمیان انڈس واٹر کمشنرز کے مذاکرات آئندہ3 مارچ تک جاری رہیں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان کل دریائے چناب پر زیر تعمیر 48میگاواٹ کے لوئر کلنائی منصوبے کا معاملہ اٹھائے گا، دریائے چناب پر بھارت کے زیر تعمیر متنازع پکلدل پن بجلی منصوبے پر بھی بات ہو گی، پاکستان نے بھارت کے دونوں منصوبوں کے ڈیزائن پر بھی اعتراضات اٹھا رکھے ہیں۔