لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات پر طنزیہ ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ‘گھبرانا نہیں’ او ر اس کے ساتھ ہی نجی ٹی وی چینل کی خبر کو بھی شیئر کیا جس میں یہ کہا گیا کہ ملکی سیاست میں چوہدری برادران حکومت اور اپوزیشن کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں ،اپوزیشن رہنمائوں کی ملاقاتوں کے بعد بالآخر عمران خان کو بھی چوہدری برادران کی یاد آگئی ۔
گبھرانا نہیں ہے اچھا ؟ https://t.co/XHswNbQ9rb
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) March 1, 2022
خیال رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالہی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزرا عبدالرزاق داد، فواد چودھری، مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر اور عامر ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ ملاقات میں ارکان قومی اسمبلی سالک حسین، حسین الہی کے علاوہ شافع حسین، راسخ الہی، منتہا اشرف اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم کی جانب سے پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب اپنے وزیروں کی ڈیوٹی لگائیں کہ وہ بازاروں میں بھی قیمتوں کی کمی پر نظر رکھیں تاکہ عوام کو نچلی سطح تک اس کا فائدہ پہنچ سکے۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ صنعتوں کی بحالی کیلئے پیکیج کا اعلان بڑا اچھا ہے، پنجاب کی انڈسٹریل اسٹیٹس کیلئے بھی ایسے ہی پیکیج کا اعلان کیا جائے جس پر عمران خان کہا کہ یہ بڑا اچھا آئیڈیا ہے اس میں پنجاب کی صنعتوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالہی نے وزیراعظم کے دورہ روس کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان نے چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالی سے آپ کی جلد مکمل صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔ چودھری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔