بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ابتک 6 ہزار روسی فوجی مار دیے: یوکرینی صدرکا بڑا دعویٰ سامنے آگیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے میں اب تک تقریباً 6 ہزار روسی فوجی مارے گئے ہیں۔

جاری کیے گئے ایک بیان میں یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس بموں اور راکٹوں کے حملوں سے یوکرین فتح نہیں کر سکتا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ امن مذاکرات میں کسی پیش رفت سے پہلے روس کوبم باری بند کرنی چاہیے۔

روس کا خيرسون پر قبضے کا دعویٰ

روس کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ روسی فوجیوں نے یوکرین کے جنوبی شہر خيرسون پر قبضہ کر لیا ہے۔

خیر سون کے گورنر کا کہنا ہے کہ خیر سون کو مکمل طور پر روسی فوج نے گھیر لیا ہے۔

روسی شیلنگ سے خار کیف میں 21 افراد ہلاک

برطانوی میڈیا نے کہا ہے کہ یوکرینی فوج نے شہر خار کیف میں روسی فضائی حملے کی تصدیق کر دی ہے، روسی پیرا ٹروپر فوجی بھی خار کیف میں اترے ہیں۔

خار کیف کے ریجنل گورنر نے دعویٰ کیا ہے کہ خارکیف میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں روسی فوج کی شیلنگ سے 21 افراد ہلاک اور 112 زخمی ہوئے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ تمام روسی حملوں کو پسپا کر دیا گیا ہے اور تمام مقامات یوکرین کے کنٹرول میں ہیں۔

ابتک 13 بچوں سمیت 136 یوکرینی شہری ہلاک ہوئے

اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روسی حملے میں اب تک 13 بچوں سمیت 136 یوکرینی شہری ہلاک ہوئے ہیں، مرنے والوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

ترجمان یو این ایچ سی آر کے مطابق یوکرین میں زیادہ تر ہلاکتیں گولہ باری، فضائی حملوں اور بڑے بم حملوں میں ہوئی ہیں۔

جلد اسٹنگر،جیولن میزائل، ڈرون مل جائینگے: یوکرینی وزیرِ دفاع

یوکرینی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے یوکرین کو جلد ہی بیرونِ ملک سے اسٹنگر اور جیولن میزائل مل جائیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ جلد ہی ترکی سے ڈرونز کی کھیپ بھی موصول ہو گی۔

یوکرین روس بات چیت کا دوسرا دور آج ہو گا

روسی میڈیا کے مطابق یوکرین اور روس کے درمیان بات چیت کا دوسرا دور آج ہو گا۔

واضح رہے کہ بیلا روس میں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ روکنے کے پیر کو ہونے والی بات چیت کا پہلا دور بے نتیجہ رہا تھا۔

روس کا فاشزم کیخلاف عالمی کانفرنس کرنے کا اعلان

دوسری جانب روس نے فاشزم کے خلاف عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

روسی وزیرِ دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ روس میں عالمی کانفرنس نازی ازم اور نیو نازی ازم کے خلاف ہو گی۔