اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے قومی وسائل کارخ قبائلی علاقوں کی طرف موڑ دیا ہے ،زندگی کے ہر عمل میں قبائلی عوام کو ریلیف ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے ،صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پی ٹی آئی کے قبائل عوام اپوزیشن جماعتوں کو نشان عبرت بنا دیں گے ،حکومت قبائلی عوام کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر مکمل یکسو ئی کے ساتھ عمل پیرا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی راہنما اور چیئرمین ہلال احمر ضم اضلاع آصف خان محسود سے وزیراعلیٰ ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا ،جس میں ضم اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا -ملاقات میں آصف خان محسود نے جنوبی وزیرستان کے لدھا سب ڈویژن ، سرویکئی سب ڈویژن و وانا سب ڈویژن کے لئے الگ الگ فائر بریگیڈ کی فراہمی اور کانیگرم کو الگ تحصیل بنانے کا مطالبہ کیا ۔وزیر اعلی نے کانیگرم کو تحصیل بنانے کے مطالبے کو فورا مان لیا اور جلد ہی عمائدین علاقہ کے جرگے کے سامنے باقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ صحت، تعلیم،صاف پانی کی فراہمی اور دیگر مسائل سے بھی وزیراعلی خیبر پختونخواکو آگاہ کیا آصف خان نے وزیر اعلی کو محسود بیلٹ میں یو نیورسٹی کیمپس پر بھی زور دیا۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے آصف خان محسود کو یقین دلایا کہ جلد ہی وہ جنوبی وزیرستان کے مسائل کے حل کے لئے ایک مشترکہ اجلاس طلب کریں گے جس میں وزیرستان کے تمام قومیت کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر ان کے خواہشات کے مطابق حل کئے جائیں گے ۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھاکہ ان کا دل قبائلی عوام کیساتھ دھڑکتا ہے اور قبائلی علاقوں کے انضمام کے بعد وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت ترجیحی بنیادوں پر ضم اضلاع میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے شروع کر چکی ہے یہ تمام منصوبے مقامی اضلاع کے مشران کی زیر سرپرستی و زیرنگرانی کامیابی سے پائے تکمیل تک پہنچائے جائیں گے جس سے ضم اضلاع کے عوام واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔ آصف خان محسود نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کو بلدیاتی الیکشن کے بعد جنوبی وزیرستان کے دوریکی دعوت بھی دی جو انہوں نے بخوشی قبول کی۔