اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیکورٹی امور سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں سول اور عسکری حکام شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی امور سے متعلق مشاورت کی گئی،ملکی سیکورٹی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان پر روس یوکرین تنازع کے حوالہ سے بعض طاقتوں کی طرف سے ڈالے جانے والے دبائو کے بارے میں بھی سیاسی اورعسکری قیادت کو بریف کیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس معاملہ میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہے گا۔اجلاس میں خطہ کی صورتحال کے پیش نظرعالمی سطح پر حکمت عملی پر بھی بات ہوئی۔
اجلاس میں روس یوکرائن کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ ہو اکہ پاکستان آزاد خارجہ پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے ذریعے حل کا حامی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان دنیا بھر میں کسی بھی قسم کی کشیدگی کا حامی نہیں۔