انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک )ترکی کے معروف فٹبالر ایکوت دیمر نے یوکرین سے اظہار یکجہتی والی ٹی شرٹ پہننے سے انکار کردیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایکوت دیمرکا شمار ترکی کے معروف فٹبال کھلاڑیوں میں ہوتا ہے،
گذشتہ دنوں ترکی میں ہونے والے ایک فٹ بال کلب کے میچ سے قبل تمام کھلاڑیوں نے جنگ کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے ٹی شرٹس پہنی تھیں تاہم ایکوت دیمر نے یہ ٹی شرٹ پہننے سے انکار کر دیا۔ترک فٹبالرکے اس عمل پر دنیا بھر میں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔اس حوالے سے ترک فٹبالر نے بتایاکہ ‘میں معصوم لوگوں کا درد محسوس کرتا ہوں، اس لیے جب مشرق وسطی میں ہزاروں افراد مرتے ہیں تو میں تب بھی افسردہ ہوتا ہوں’۔انہوں نے کہا کہ ‘وہ لوگ جو مشرق وسطی میں لوگوں کے مرنے پر انجان بن جاتے ہیں، اب یورپ میں ایسا ہونے پر پریشان ہیں، میں نے ٹی شرٹ اس لیے نہیں پہنی کیونکہ وہ ان ممالک (مشرق وسطی کے ممالک)کے لیے نہیں بنی تھی۔واضح رہے کہ روس کی قومی فٹبال ٹیم نے 24 مارچ کو قطر 2022 ورلڈکپ کے پلے آف میں پولینڈ کے ساتھ کھیلنا تھا۔