بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حکومت پیکا قانون واپس لینے کو تیار، جوائنٹ ایکشن کمیٹی 90دن میں ڈرافٹ لائی تو ترامیم کرلیں گے،فواد

اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) حکومت پیکا قانون واپس لینے کو تیار ہو گئی ، اطلاعات و نشریات کے وزیر چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ 90دن میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی ڈرافٹ لائی تو ترامیم کرلیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ حکومت موجودہ پیکا آرڈیننس واپس لینے کیلئے تیار ہے ، چودھری پرویز الٰہی ٰ کو پیکا قانون کیلئے مینڈیٹ دے دیا ہے اگر جوائنٹ ایکشن کمیٹی 90 دن تک پہلے تجاویز لے آئے اور پرویز الٰہی سے منظور کرالے تو حکومت یہ سفارشات منظور کرلے گی ،حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ صدر پاکستان عارف علوی نے پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ کے ترمیمی بل پر دستخط کئے تھے صدر کی جانب سے منظوری کے بعد جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد کو روکنے کے لیے پیکا ترمیمی ایکٹ جاری کیا گیا اب ریاستی اداروں اور اہم شخصیات کے خلاف نفرت انگیز مواد پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔آرڈیننس کے مطابق جعلی خبر دینے پر سزا 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کر دی گئی ، ناقابل ضمانت گرفتاری اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا بھی ہو سکے گی، فیک نیوز آرڈیننس کا اطلاق سوشل میڈیا پر بھی لاگو ہوگا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیکا ترمیمی آرڈیننس کے ساتھ ساتھ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا آرڈیننس جاری کیا تھا۔ آرڈیننس میں سیکشن 20 میں ترمیم کی گئی ہے جس کے تحت کسی بھی فرد کے تشخص پر حملے کی صورت میں قید کی سزا 3 سال سے بڑھا کر 5 سال کردی گئی ہے۔شکایت درج کرانے والا شخص متاثرہ فریق، اس کا نمائندہ یا سرپرست ہوگا، جرم کو قابل دست اندازی قرار دے دیا گیا ہے اور یہ ناقابل ضمانت ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق ٹرائل کورٹ 6 ماہ کے اندر کیس کا فیصلہ کرے گی اور ہر ماہ کیس کی تفصیلات ہائی کورٹ کو جمع کرائے گی۔