اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے اعلانات کو بہروپیے کی نئی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب عوام جانتی ہے کہ آپ کا اب ہر اعلان جھوٹا ہے اور اپنے اقتدار کی ڈوبتی کشتی بچانے کے لئے ہے ۔ساٹھ لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا اور روپے کا ڈھونگ ، آپ کو لگتا ہے لوگ مان جائیں گے ؟
انہوںنے کہا کہ دوسروں پہ جھوٹے الزامات اور خود سٹیٹ بنک کے مطابق فارن فنڈنگ میں اربوں کی منی لانڈرنگ ؟عوام سب جانتی ہے پلے نئیں دھیلہ، کردی میلہ میلہ ۔اب عوام آپ کی چکر بازیوں کو سمجھ چکے ہیں، آپ کی شعبدہ بازیوں میں نہیں آئیں گے ،خزانہ خالی ، معیشت تباہ، مہنگائی آسمان پر اور عمران صاحب ریلیف کے نئے دھوکے دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ک عمران صاحب حقیقت یہ ہے کہ آپ کے پاس جھوٹے پیکج کے لئے پیسے نہیں ہیں اقتدار میں آنے کے لئے بھی جھوٹ اور اقتدار بچانے کے لئے بھی جھوٹ بول رہے ہیں ۔عمران صاحب کروڑ عوام کو بھیڑ بکری نہ سمجھیں وہ آپ کے دھوکہ میں نہیں آئے گی ۔عمران صاحب کی خام خیالی ہے کہ ایک کروڑ نوکری، پچاس لاکھ گھر اور 46 روپے لیٹر کنٹینر والے جھوٹ کا نیا دور چلا کر کرسی بچ جائے گی۔
تحریک عدم اعتماد گرتی ہوئی دیواروں کے لئے آخری دھکا ثابت ہوگی ملک پر تاریخ کا بدترین قرض لاد کر ریلیف کی باتیں محض دھوکہ، سراب اور جھوٹ ہے۔70 روپے پیٹرول کی قیمت بڑھا کر 10 روپے ریلیف دینا دھوکہ نہیں تو اور کیا ہے۔ 70 روپے کی کمی کریں تاکہ عوام کا بھلا ہو عمران صاحب عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں تو استعفی دیں اور گھر جائیںساری دنیا میں بھیک مانگ کر گزارا کرنے والے عمران صاحب ریلیف کے لئے پیسے آپ کی اے ٹی ایمز دیں گی؟صحافیوں کی پسلیاں توڑنے کے لئے آرڈیننس لاتے ہیں، پھر واپس لینے کا اعلان کرتے ہیں؟