اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کا مسودہ تیار کرلیا۔ ذرائع کا کہناہے کہ تحریک عدم اعتماد پر 80 سے زائد اپوزیشن اراکین کے دستخط ہیں۔پیپلز پارٹی،ن لیگ ،جے یو آئی ف، اے این پی، بی این پی مینگل اور دیگر کے دستخط ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملک اقتصادی زبوں حالی کا شکار ہے، ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کا کوئی روڈ میپ نہیں۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال ہے۔مجوزہ مسودہ میں کہا گیا ہے کہ خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
قائد ایوان اس ایوان کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں۔ مذکورہ بالا صورتحال کے تناظر میں قائد ایوان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جاتی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اپوزیشن نے اسمبلی اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی تیار کر رکھی ہے اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے چیمبر کو الرٹ کردیا گیا ہے ۔تحریک عدم اعتماد اور ریکوزیشن کسی بھی وقت جمع کروائی جا سکتی ہے۔