اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان آبی تنازعات پر جاری مذاکرات بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگئے۔ بھارت نے متنازعہ ڈیمز پر پاکستان کے اعتراضات ماننے سے صاف انکار کردیا۔
ذرائع وزارت آبی وسائل کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں پاکستان نے دریائے سندھ، چناب اور پونچھ پر10 بھارتی ڈیموں کے ڈیزائن پر اعتراض اٹھایا ہے ۔ پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت 2019 سے دریائوں میں پانی کے بہائو کا ڈیٹا شیئر نہیں کر رہا۔بھارت نے پاکستان کیساتھ پانی کے بہائو کا ڈیٹا شیئر کرنے سے انکارکیا ۔
بھارت کا موقف ہے کہ سندھ طاس معاہدے میں پانی کا ڈیٹا شیئر کرنے کی کوئی شق شامل نہیں، مذاکرات کے دوران پاکستان نے موقف اختیار کیا کہ بھارت کی وجہ سے پاکستان کو سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈس واٹر کمشنرز کا رواں سال 31مئی سے قبل ایک اور مذاکراتی رائونڈ پر اتفاق ہوا ہے۔ مذاکرات کا آئندہ رائونڈ بھارت میں ہو گا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اگلے رائونڈ میں بھارت پاکستان کو متنازع پن بجلی منصوبوں پر تفصیلات فراہم کرے گا۔