اسلام آباد(محمداکرم عابد)متحدہ حزب اختلاف نے تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حوالے کرنے کیلئے آئینی اور اسمبلی ضابطہ کار کے مطابق اپنی تمام تر تیاری مکمل کر لی ،
متحدہ اپوزیشن کے ارکان پر مشتمل ٹیم نے جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ،تحریک کے قانونی تقاضوں کے بارے میں آگاہی لی تا کہ کوئی سقم نہ رہ جائے ،ممکنہ طورپر تحریک کی حمایت کرنے والے حکومتی ارکان کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے بھی پیش بندی کر لی گئی ، پیشکش سے متعلق حتمی طور پر معاملات طے ہونا باقی ہیں ، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے ضروری ہوم ورک مکمل کرنے کے بعد اپوزیشن کے ارکان قومی اسمبلی کو روزانہ کی بنیاد پر پارٹی قیادت سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ نمبر گیم کے سلسلے میں فیصل آباد ، جنوبی پنجاب ،لاہور ڈویژن ،خیبرپختونخوا کے مالاکنڈ ڈویژن ،جنوبی اضلاع ،بلوچستان کے ترقی پذیر حلقوں سمیت دیگر علاقوں کے ارکان سے جوڑ توڑ کے سلسلے میں جن رہنماؤں کو اہداف دیے گئے تھے انہوں نے پارٹی رہنمائوں کو کامیابی کی نوید سنادی۔ آئینی اور ضابطہ کار کے مطابق دستاویزات کی تیاری میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کلیدی کام کر رہے ہیں ، چیئرمین پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی رانا تنویر حسین کی انہیں خصوصی معاونت حاصل ہے ، دن بھر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں تحریک کے حوالے سے ضروری امور نمٹائے گئے ۔ارکان کو آگاہ کردیا گیا ہے کہ تحریک جمع ہونے پر اجلاس کی طلبی اور تحریک پیش ہونے ورائے شماری کے مراحل اور شیڈول کیا ہوں گے ۔لیگی رہنمائوں کی جانب سے ہوم ورک کی تکمیل پر پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کے ذریعے پارٹی کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی آگاہ کردیا گیا ،سرگرمیوں کے سلسلے میں نوید قمر، خواجہ محمد آصف بھی متحرک دکھائی دیے جبکہ قومی اسمبلی میں ایم ایم اے کے پارلیمانی رہنما مولانا اسعد محمود نے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کو اس بار ے میں آگاہی دی ہے ، تحریک کے حوالے سے ہوم ورک مکمل ہونے کے بعد ہی دونوں بڑے اپوزیشن قائدین آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ہنگامی ملاقات طے ہوئی ۔نمبر گیم مکمل ہونے کے سلسلے میں متعلقہ رہنمائوں کی کاوشوں سے آگاہ کیا گیا۔ دونوں قائدین انتہائی پر امید ہیں ، مولانا فضل الرحمان کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی بینچوں میں دراڑ ڈالنے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔