اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ انھیں بالی ووڈ فلموں میں کردار اسلیے نہیں مل رہا ہے کیونکہ وہ اس مقصد کے لیے نیٹ ورکنگ بنانے سے ہچکچاتی ہیں، اس کے علاوہ وہ اس کام میں مہارت بھی نہیں رکھتیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں 47 سالہ سشمیتا نے گزشتہ دس برسوں سے فلمی دنیا سے اپنی غیر حاضری پر گفتگو کی اور اس کی وجہ بتائی کہ انھیں بالی ووڈ واپسی پر کردار کیوں نہیں مل رہے۔
1994 کی مس یونیورس اور چند برس قبل تک ایک کامیاب فلمی کیریئر کی حامل سشمیتا سین کو ان کے نقاد اور فلم بین دونوں ہی پسند کرتے رہے ہیں، لیکن فلمی دنیا سے دور رہنے کے بعد اب جبکہ ان کی واپسی ہوئی ہے تو انھیں ایسا محسوس ہورہا ہے کہ نیٹ ورکنگ نہ ہونے کی وجہ سے انھیں فلمیں نہیں مل رہیں۔
واضح رہے کہ انھوں نے 2010 میں کامیڈی فلم دلہا مل گیا میں شاہ رخ خان اور فردین خان کے ساتھ کام کے بعد بریک لیا تھا۔
2020 میں انھوں نے ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار ویب سیریز آریا میں پرفارم کیا، بریک کے دوران انھوں نے اپنی دو بیٹیوں رینی اور علیشا کی پرورش کی۔