ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک )سعودی عرب نے ہر عمر اور ملک کے افراد کیلئے عمرہ کی ادائیگی کھولنے کا اعلان کردیا۔ سعودی وزیر حج کا کہنا ہے کہ کرونا وبا کے باعث عمرہ ادائیگی محدود کی گئی تھی تاہم اب یہ سعادت سب کیلئے عام کردی گئی ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی وزیر برائے حج وعمرہ ڈاکٹرتوفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ دو سال پہلے عمرہ کی ادائیگی کرونا وبا کی وجہ سے محدود کردی گئی تھی مگر اب عمرہ کی سعادت سب کیلئے عام کردی گئی ہے۔
انہوں نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ پر پوسٹ سے وضاحت کی کہ اللہ کے فضل و کرم سے توکلنا ایپ کے ذریعے جب چاہیں عمرہ کی بکنگ کروائیں، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آپ کا بے صبری سے انتظار کررہے ہیں۔
قومی کمیٹی برائے حج، عمرہ اور وزٹ ایکٹیویٹیز کے ایک رکن نے سعودی میڈیا کو بتایا کہ 228 عمرہ کمپنیاں اور ادارے عازمین کو ان کی آمد سے لے کر عمرہ کی ادائیگی کے بعد اپنے ملکوں کو روانگی تک بہترین خدمات فراہم کررہی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ آنیوالے عرصے میں بیرون ملک اور دنیا کے مختلف ممالک کے زائرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آئے گا۔ قومی کمیٹی کے رکن نے اس بات کی نشاندہی کی کہ عمرہ کمپنیاں اور ادارے زائرین کو مصر، تیونس، لیبیا، ہندوستان، پاکستان سے مکہ اور مدینہ کی طرف جوق در جوق وصول کرنے کیلئے تیار ہیں۔