بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنے کینسر میں مبتلا ہونے کا اعلان کیا تو ساتھی فنکاروں کی جانب سے ان کے لیے نیک خواہشات اور جلد مکمل صحت یابی کی دعائیں کی گئیں۔
تاہم حنا خان بھارتی انٹرٹینمنٹ کی پہلی یا واحد شخصیت نہیں ہیں جو کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوئی ہیں بلکہ اس سے قبل کئی بالی ووڈ شخصیات نے اس موذی مرض کو شکست دی ہے۔
ان معروف شخصیات نے ناصرف اس بیماری کو ہرایا بلکہ مکمل صحت یاب ہونے کے بعد اس حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی اور بتایا کہ کینسر کی بروقت تشخیص ہونا کتنا ضروری ہے۔
ایسے ہی چند بالی ووڈ شخصیات درج ذٰل ہیں جنہوں نے کینسر کو شکست دے کر صحت مند زندگی کو گلے لگایا۔
سنجے دت:
2020 میں بالی ووڈ اداکار سنجے دت کو پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
اس انکشاف کے بعد، انہوں نے ممبئی میں زیر علاج رہے اور کینسر کی تشخیص کے کئی ماہ بعد 2021 میں انہوں نے اعلان کیا کہ وہ مکمل صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سونالی بیندرے:
اداکارہ سونالی بیندرے نے 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ انہیں کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔
انہوں بذریعہ سوشل میڈیا یہ اعلان کیا تھا کہ وہ نیویارک میں ہائی گریڈ کینسر کا علاج کروا رہی ہیں۔ اس مشکل وقت کے دوران پرینکا چوپڑا، رشی اور نیتو کپور سمیت فلم انڈسٹری کے کئی نامور فنکار نیویارک میں ان کے ساتھ رہے۔
کیموتھراپی کے نتیجے میں سونالی بیندرے نے ایک جرات مندانہ اقدام کرتے ہوئے اپنے بال بھی منڈوائے تھے۔ دسمبر 2018 میں سونالی مکمل صحت یاب ہونے کے بعد واپس ممبئی آگئی تھیں۔
راکیش روشن:
اداکار و ہدات کار راکیش روشن کو 2018 میں گلے کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ ان کے بیٹے اور اداکار ہرتیک روشن نے اپنے والد کی بیماری کے بارے اس وقت بتایا تھا جب ان کی پہلی سرجری تھی، چونکہ انہیں کینسر کی تشخیص ابتدائی مرحلے میں ہوگئی تھی اس لیے انہوں نے بیماری پر جلد قابو پالیا تھا۔
منیشا کوئرالہ:
اداکارہ منیشا کوئرالہ کو 42 برس کی عمر میں 2012 میں رحم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے ہمت و حوصلے کے ساتھ اس بیماری کا مقابلہ کیا اور دورانِ علاج ہونے والے تجربات کے حوالے سے انہوں نے ایک کتاب بھی تحریر کی۔
کِرن کھیر:
اداکارہ کرن کھیر کو ایک سے زیادہ مائیلوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ مائیلوما خون کے کینسر کی ایک قسم جو پلازما کے خلیوں کو متاثر کرتی ہے۔
ان کی بیماری کے حوالے سے مداحوں کو ان کے شوہر اور اداکار انوپم کھیر نے 2021 میں آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ اداکارہ اور ممبر پارلیمنٹ کینسر کے سبب زیر علاج ہیں۔ بعدازاں ان کے بیٹے سکندر نے ان کے مداحوں کو اداکارہ کی صحت سے متعلق مسلسل اپ ڈیٹ کرتے رہے۔
رواں سال اپریل میں انہوں نے انتخابات یں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے ایک انٹرویو کے دوران بتایا تھا کہ حال ہی میں ان کا علاج مکمل ہوا ہے اور اب وہ مکمل صحت یاب ہیں۔
لیزا رائے:
بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی کینیڈین اداکارہ لیزا رائے کو 2009 میں مائیلوما کی تشخیص ہوئی تھی۔ کئی ماہ تک زیر علاج رہنے کے بعد 2010 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب مکمل صحت یاب ہیں۔
طاہرہ کشیپ :
ہدایت کار طاہرہ کشیپ کو 2018 میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جسے انہوں نے میڈیا سے خفیہ رکھنے کی بجائے دیگر خواتین کی آگاہی کے لیے دستاویزی صورت میں بتایا تھا۔ وہ 2019 میں کینسر کو مکمل طور پر شکست دینے میں کامیاب ہوئی۔
مہیما چوہدری:
پردیس ، دھڑکن اور لجا جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ مہیما چوہدری میں 2022 میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ انہوں نے جذباتی انداز میں ویڈیو شیئر کرکے اپنی بیماری سے متعلق اعلان کیا تھا۔
تاہم مذکورہ ویڈیو اداکار انوپم کھیر نے پوسٹ کی تھی۔ مہیما چوہدری اب مکمل صحت یاب ہیں۔
نفیسہ علی سوڈھی:
اس کے علاوہ ماضی کی اداکارہ و موجودہ بھارتی سیاسی رہنما نفیسہ علی سوڈھی کو بھی 2018 میں پیریٹونیل اور رحم کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔ 2019 میں پیریٹونیل اور رحم کے کینسر پر قابو پانے کے بعد انہیں جلد کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
علاوہ ازیں کئی دیگر اداکار ایسے بھی ہیں جو کینسر سے زندگی کی جنگ لڑتے لڑتے زندگی بازی ہار گئے۔ جن میں رشی کپور، عرفان خان، راجیش کھنہ، ونود کھنہ، نرگس اور فیروز خان شامل ہیں۔