بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سینیٹ، الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور، اپوزیشن کا شدید احتجاج، واک آؤٹ

اسلام آباد (ویب ڈیسک)سینیٹ میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024ء کثرت رائے سے منظور‘اپوزیشن کا شدیداحتجاج‘شورشرابہ ‘ایوان سے واک آؤٹ کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سینیٹ میں بھی پیش کردیا جس کے بعد قائد حزب اختلاف سمیت پی ٹی آئی کے سینیٹرز نے اس کی مخالفت کی۔سینیٹ نے کثرت رائے سے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024منظور کرلیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایوان کو قومی اسمبلی نہ بنائیں، اگر رویہ تبدیل نہیں ہوا تو ایکشن لوں گا۔ایوان بالا سے منظور ہونے والے ترمیمی بل کے تحت الیکشن کمیشن ریٹائرڈ ہائی کورٹ کے ججوں کو بطور ٹربیونل تعینات کرسکے گا، جس کے لیے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 140 میں ترمیم کی گئی ہے۔سینیٹ میں ترمیمی بل 2024 کی پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام نے مخالفت کی، بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ اپوزیشن کچھ دیر بعد ایوان میں واپس آگئی۔