بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سموگ سیزن سے پہلے ہر ممکن حفاظتی اقدام اور دھوئیں میں نمایاں کمی کی کوشش کریں گے،مریم اورنگزیب

لاہور (ممتازنیوز) سموگ سے پہلے پنجاب میں سموگ سے بچاؤ، حفاظت اور آلودگی کے تدارک کی بڑی مہم کا آغاز ،صنعتوں ، کارخانوں اور ٹریفک دھوئیں کی پڑتال کی بڑی مہم شروع کر دی گئی ،مونجی اور فصلوں کی باقیات جلانے پر سزا ملے گی، پورے پنجاب کی سرکاری مشینری کو الرٹ کر دیا گیا ،ہوا میں زہریلے دھوئیں اور زہریلے مادوں کی جانچ ہوگی، ہر شعبے کی مانیٹرنگ کا ماسٹر پلان تیار ہوگیا۔سینیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب وزیر اعلی پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں گی ۔پولیس، ضلعی انتظامیہ، ماحولیات کے تحفظ کے ادارے(ای پی اے)، محکمہ مال سمیت دیگر ادارے ‘اینٹی سموگ مہم’ پر عمل کرائیں گے ۔خراب انجن کے باعث زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی پڑتال بھی شروع ہوگئی،گاڑیوں کی فٹنس اور ٹیسنگ کا جامع پروگرام بھی تیار کر لیا گیا،پہلے مرحلے میں ٹیسٹنگ پروگرام کا اطلاق لاہور میں چلنے والی تمام گاڑیوں، ٹرکوں اور تمام شاہراہوں پر ہوگا،مہلت ختم ہونے پر بعد قانون کی خلاف ورزی پر گاڑیوں اور ٹرکوں کے روٹ پرمٹ منسوخ ہوں گے۔پنجاب کی سینئروزیرمریم اورنگزیب نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نےریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کے افسران اور عملے کو میدان میں نکل کر قانون پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سموگ کے خلاف جنگ کا آغاز کر دیا ہے، میڈیا سمیت ہر شہری ساتھ دے،سموگ سیزن سے پہلے ہر ممکن حفاظتی اقدام اور دھوئیں میں نمایاں کمی کی کوشش کریں گے۔