بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ویرات کوہلی اور انوشکا شرما کا بھارت چھوڑ کر لندن میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی اور بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما اپنے دونوں بچوں کے ہمراہ مستقل طور پر لندن میں رہائش اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار اننگز کھیل کر بھارت کو ورلڈ چیمپئن بنوانے والے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی لندن روانہ ہوگئے ہیں۔

یاد رہے کہ 29 جون کو ویسٹ انڈیز کے شہر برج ٹاؤن، بارباڈوس کے کنسنگٹن اوول اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے فائنل میں بھارت، جنوبی افریقہ کو شکست دے کر 17 سال بعد ٹی20 کرکٹ کا عالمی چیمپیئن بنا تھا، اور شیڈول کے مطابق بھارت کو اگلے روز اپنے ملک روانہ ہونا تھا۔

تاہم، سمندری طوفان کے باعث بھارتی ٹیم کئی روز تک باربادوس میں پھنسی رہی، اور پھر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے خصوصے طیارے کا انتظام کیا گیا، جو 4 جولائی کو نئی دہلی پہنچی، جہاں لاکھوں کی تعداد میں شہریوں نے اپنی ٹیم کا استقبال کیا۔

بھارتی رپورٹس کے مطابق 4 جولائی کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے کے بعد ویرات کوہلی 5 جولائی کو دوبارہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھے گئے، تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ کہاں جارہے تھے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اداکارہ انوشکا شرما نے 29 جون کو ہونے والے فائنل میں شرکت نہیں کی تھی اور وہ ان دنوں دونوں بچوں وامیکا (بیٹی) اور اکائے (بیٹے) کے ہمراہ لندن میں موجود ہیں، جب کہ ویرات کوہلی بھی لندن ہی جارہے ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ پہلی بار نہیں جب انوشکا شرما نے لندن میں رہائش اختیار کی ہو، بلکہ ویرات اور انوشکا کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش بھی لندن میں ہی ہوئی تھیں اور بھارت واپس آنے سے قبل وہ تقریباً 2 ماہ تک لندن میں ہی رہیں، اور آج کل بھارت میں بہت کم دکھائی دیتی ہیں۔

بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ایک اسپورٹس چینل کو انٹریو دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ عوام کے شور سے دور ایک پرسکون جگہ پر زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی طرف اشارہ دیتے ہوئے کہا ’ایک بار میرا ہوگیا تو پھر چلا جاؤں گا اور کسی کو بھی دکھائی نہیں دوں گا، اس لیے فی الحال میں اپنا سب کچھ کرکٹ کو ہی دینا چاہتا ہوں‘۔

ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ویرات کوہلی کی حالیہ ریٹائرمنٹ اور ماضی کے اس بیان کو لے کر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر یہ چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں، کہ وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے بعد لندن میں رہائش اختیار کریں گے، جہاں ان کی اہلیہ اور بچے پہلے سے ہی موجود ہیں۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے دسمبر 2017 میں اٹلی میں شادی کی تھی، جوڑے کے ہاں شادی کے 4 سال بعد جنوری 2021 میں پہلی بیٹی وامیکا کی پیدائش ہوئی تھی، جب کہ 15 فروری کو بیٹے کی پیدائش ہوئی، جس کا نام اکائے رکھا گیا۔