راولپنڈی:سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ تاثرغلط ہے کہ میں نے غیرمشروط معافی مانگی۔ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنالیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنالیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔ 9 مئی کی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگ سامنے لائے جائیں تومعافی مانگوں گا۔
عمران خان نے کہا کہ مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابط نہیں کیا، موجودہ حکومت کی زیرنگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو نہیں مانیں گے، حکومت دلدل میں دھنستی جارہی ہے، حکومت کے پاس صرف 2 ماہ ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی کا کہناتھا کہ پہلے 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز لائی جائیں، پی ٹی آئی کے لوگ 9 مئی واقعات میں ملوث پائے گئے،تو معافی بھی مانگوں گا، ان کو پارٹی سے نکالوں گا اور سزا بھی دلواوں گا، پاکستان اور عالمی سطح پر مقبول ترین شخص کی کوئی عزت نہیں ۔
صحافی نے عمران خان سے سوال کیا کہ 9مئی والےدن آپکے لوگوں کے ہاتھوں میں پیٹرول بم دیکھےگئے، بانی پی ٹی آئی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ زمان پارک لاہور میں پیٹرول بم استعمال کیے اور کہیں نہیں، اگرکوئی عہدیدار حساس عمارتوں پر پیٹرول بم پھینکنےمیں ملوث ہے تو اسے سزا دی جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں حکومت کے پاس صرف دو مہینے کا وقت ہے، حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میرے پاس بہت وقت ہے آپ کے پاس وقت ختم ہورہا ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی۔
انہوں نے اپنا گزشتہ روز کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ سانحہ 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی کے لوگ سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔عمران خان نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا، جس کی شناخت نہیں بتاسکتا ورنہ ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، میں صرف اور صرف پاکستان کے لیے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں، میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو اکساتے ہیں کہ فوج پی ٹی آئی کو ختم کردے۔