اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری سے مسجد ِنبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد نے ملاقات کی ،
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک کے درمیان مزید اتحاد اور تعاون کی ضرورت ہے ،
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں،
صدرمملکت نے دوطرفہ تعلقات مزید فروغ دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کو مزید قریب لانے کے لیے ثقافتی اور عوام کے درمیان تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے ، سعودی عرب قریبی دوست ہے ، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا،
امام مسجد نبوی ڈاکٹر صلاح بن محمدنے کہا کہ سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں،
پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے ،دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے،
ڈاکٹر صلاح بن محمد نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔
امام مسجد نبوی نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی شروع کردہ اصلاحات سے سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوشحالی آئے گی،
صدر مملکت نے شہزادہ محمد بن سلمان کی جرات مندانہ اور دور اندیش قیادت کو سراہا اور کہا کہ امید ہے کہ مسجد نبوی ﷺکے امام کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا،
مسجد نبوی ﷺ کے امام نے پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔