اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے مبارک ثانی کیس کی نظرثانی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی متعدد شقوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے ججوں سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا۔
اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کونسل کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی کی زیر صدارت ہوا جہاں کہا گیا کہ مبارک ثانی کیس کی کریمنل نظرثانی پر سپریم کورٹ کے فیصلے کی متعدد شقوں پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور سپریم کورٹ کے جج 24 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ فیصلے پر پائے جانے والےتحفظات کو دور کیا جائے، فیصلے میں بہت سے پہلو ایسے ہیں جنہیں علما اور کونسل اسلامی احکام کے مطابق درست نہیں سمجھتی۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ اس حوالے تفصیلی رپورٹ جلد ہی سپریم کورٹ کو ارسال کی جائے گی کیونکہ فیصلے سے پوری قوم اضطراب میں مبتلا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ قانونی موشگافیوں کے بجائے یہ ایمان اور حبِ رسول کا مسئلہ ہے، تمام طبقات کو باہمی مفاہمت سے اس کو حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور کونسل امید رکھتی ہے کہ معزز عدالت عظمٰی اس فیصلے پر جلد نظرثانی کرے گی۔
اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ حکومت، بالخصوص وزیراعظم اس سلسلے میں ہر حوالے سے مؤثر کردار ادا کریں گے۔