facebook-domain-verification" content="ck1ojg2es5iiyqif2wy9qloqe1qs4x

بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

تحریک عدم اعتماد کی ناکامی پر جو میں آپ سے کروں گا کیا اس کیلئے تیار ہو؟عمران خان کا اپوزیشن کوانتباہ

میلسی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ ناکامی کی صورت میں اپوزیشن رہنماوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیا آپ لوگ تحریک ناکام ہونے کے بعد جو کچھ میں کروں گا کیا اس کے لئے آپ لوگ تیار ہیں؟ جبکہ انہوں نے یورپی یونین کے سفیروں کی طرف سے روس کے خلاف حمایت پر مجبور کرنے کے لئے لکھے گئے خط پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کیا آپ کے غلام ہیں کہ آپ کا ہر کہا مانیں۔
میلسی میں جلسہ عام سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ میں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا اور نہ ہی قوم کو جھکنے دوںگا، یورپی یونین کے سفیروں نے روس کے خلاف بیان اور ووٹ دیں، میں ان سے پوچھتا ہوں کہ کشمیر میں بھارت نے جو غیرقانونی اقدامات کئے کیا آپ نے بھارت کو بھی کوئی خط لکھا یا اس سے کوئی بات کی، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 80 ہزار پاکستانیوں نے قربانی دی، ملک کو 100ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا، پاکستان کو کیا ملا، یورپی یونین سے پوچھتا ہوں کیا آپ نے ہمارا شکریہ ادا کیا؟، نیٹو کے 10فیصد لوگ بھی اس جنگ میں نہیں مرے، انہوں نے افغانستان میں جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کو ذمہ دار قرار دیا، ہم کیا آپ کے غلام ہیں جو آپ کہو گے ہم کریں۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بننے کاکیاملا، 80ہزار جانیں گنوائیں،35لاکھ لوگ بے گھرہوئے، 150ارب کامعاشی نقصان ہوا۔کیا کبھی ایسا ہوا کہ جس ملک کے لئے جنگ لڑیں وہیں آپ پر بمباری کرے،ماضی کے حکمران ڈرون حملوں میں اپنے شہری مرواتے رہے،اب اگرکسی نے ڈرون حملہ کیا تو ایئرفورس سے کہوںگاکہ ڈرون مار گرائو۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب فضل الرحمان کو مولانا کہنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فضل الرحمان صرف پیسہ ہی نہیں بلیک میل بھی کرتا ہے، اسلام آباد میں دھرنے کیلئے یہ مدرسے کے بچے لے آیا، فضل الرحمان کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو سازش کرنے کی کیا ضرورت ہے، ان کی وجہ سے پاکستان کے قرضے میں اضافہ ہوا، جو بھی پیسہ ہم ٹیکس میں اکٹھا کرتے ہیں ان کی قسطوں میں چلا جاتا ہے، جب آپ نے ملک کو مقروض کردیا تو پھر یہودیوں کو سازش کی کیا ضرورت ہے، یہ ہیں وہ لوگ جو مل کر میرے خلاف عدم اعتماد کررہے ہیں، چوروں کا ٹولہ قوم کو نقصان پہنچا رہا ہے، چوروں کے ٹولے کی وجہ سے ہم مقروض ہوگئے اور قوم غریب ہوگئی، جب تک قوم اچھے برے کی تمیز نہیں کرتی اوپر نہیں جاسکتی، ڈاکوں کے گلدستے کے خلاف میلسی کے عوام میرے ساتھ ہیں؟، یہ جو کر رہے ہیں وہ سب احتساب سے بچنے کے لئے ہے، جب تک مجھ میں خون ہے میں ان ڈاکووں کا مقابلہ کروں گا، یہ جوبھی کچھ کریں گے میں اس کیلیے تیار ہوں، عدم اعتماد کی تحریک جب ناکام ہوگی تب ڈاکوں کا گلدستہ تیار رہے۔
عمران خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کیلئے آئینی ترمیم پیش کرینگے، دیکھیں گے ن لیگ اور پیپلزپارٹی بل کی حمایت کرتے ہیں کہ نہیں سب کے سامنے آجائے گا، جو 74 سال میں کام نہیں ہوئے لگتا ہے وہ ایک سال میں کرانا چاہتے ہیں، جنوبی پنجاب کیلئے 500 ارب روپے مزید خرچ کریں گے،10 روپے پٹرول اورڈیزل میں کم کئے،5 روپے بجلی کا فی یونٹ کم کیا، ٹیکس زیادہ جمع پر یہ اقدامات کئے، جتنا زیادہ ٹیکس جمع ہوگا اتنا ریلیف ملے گا۔
عمران خان نے کہا کہ 2008سے 18 کے دوران ڈرون حملے ہوئے، یہ کبھی ہوا کہ ایک ملک کسی کی جنگ لڑے اور وہی ملک ہم پر حملے کرے، ڈرون حملوں میں بے قصور لوگ مارے جاتے تھے، جس کے لیے جنگ لڑرہے تھے اور وہی ہم پر حملے کررہے تھے، بتایا جائے یہ دونوں پارٹیوں کے لوگ کیوں نہیں بولتے تھے، بتایا جائے جب سے میں وزیراعظم بنا ہوں کیا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ اگر کوئی ڈرون آیا تو ایئر فورس سے کہوں گا کہ وہ ڈرون نیچے گرا دو، کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کہ کسی ملک میں ڈرون حملہ کیا جائے، ہم کسی سے بھی دشمنی نہیں چاہتے، ہماری سب سے دوستی ہے ، ہم کسی بلاک کا حصہ نہیں ہیں، ہم نیوٹرل ہیں، کوشش کریں گے کہ یوکرین میں جنگ بند ہو، اس جنگ سے گندم، گیس اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے، امن میں سب کا ساتھ دیں گے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مجرم نمبر ون نوازشریف جھوٹ بول کر باہر چلا گیا، بتایا جائے کبھی گیڈر بھی لیڈر بن سکتا ہے، گیڈر دوسری بار ملک سے فرار ہوا ہے، آصف زرداری نے کہا اٹک جیل میں ٹشو کے ڈبے ختم ہوگئے نوازشریف کے آنسوں صاف کرتے ہوئے، ملک کے تین بار کے وزیراعظم کے بچے کہتے ہیں ہم تو پاکستانی نہیں، شہبازشریف کا پتہ کرانا ہے تو مقصود چپڑاسی کو پکڑ کر لے آئیں، مقصود چپڑاسی کے بینک میں 375کروڑ روپے آگئے، یہ صرف پاکستان کو لوٹنے کیلئے آتے ہیں، ان کی عیدیں، گھراور جائیدادیں سب ملک سے باہر ہیں، شہبازشریف نے بیٹے کو اور مقصود چپڑاسی کو باہر بھجوادیا، شہبازشریف ڈرے ہوئے ہیں کہ ان کا کیس آنے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت میں آئے تو ملک کا دیوالیہ ہوچکا تھا، ہم نے بہتر طریقے سے کورونا وائرس کے بحران سے اپنے ملک کو بچایا، کورونا کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آگیا، امریکہ میں 40 سال کے بعد سب سے زیادہ مہنگائی ہوئی ہے،ہم نے عوام پر مہنگائی کا بوجھ کم ڈالنے کی پوری کوشش کی، ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کیا، جتنا ٹیکس دیں گے وہ سارا عوام پر بوجھ کم کرنے پر لگاں گا، یہ بھگوڑا جو لندن میں بیٹھا ہوا ہے اس کا پیسہ لے آیا تو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں جتنا کسانوں کے پاس پیسہ آیا ماضی میں کبھی نہیں آیا، مکئی کی فصل کی قیمت میں اضافے سے کسان کو بہت فائدہ ہوا ہے، ہم نے گندم کی سپورٹ پرائس بڑھائی، اب کسان کو کپاس کی دگنی قیمت مل رہی ہے،کسان کو 70سے80ہزار تک فائدہ ہوا ہے، کھاد پوری دنیا میں کم ہوچکی ہے، کھاد کی فیکٹریوں کو بند نہیں ہونے دیا، چین سے ایک لاکھ ٹن مزید کھاد بھی منگوائی ہے، عالمی منڈی سے 5 گنا کم قیمت پر اپنے کسانوں کو کھاد دے رہے ہیں، کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان ترقی کرے گا۔آخر میں وزیراعظم نے اپوزیشن سے کہاکہ تحریک عدم اعتماد کی ممکنہ ناکامی کے بعد جو میں آپ کے ساتھ کروں گا کیا اس کے لئے تیار ہیں؟۔