بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دو پاکستانی سٹارٹ اپس فوربز ایشیا کی ’100 ٹو واچ‘ فہرست میں شامل

 

دو پاکستانی سٹارٹ اپس ’ڈیل کارٹ‘ اور ’نیا پے‘ نے فوربز ایشیا 100 ٹو واچ 2024 کی فہرست میں جگہ بنا لی ۔
امریکی کاروباری جریدے فوربز کی جانب سے شائع کی گئی اس فہرست میں پاکستان کی ای کامرس اور فنانس میں ترقی کو نمایاں کیا گیا ۔
فن ٹیک کمپنی نیا پے اور ریٹیل سٹارٹ اپ ڈیل کارٹ نے مجموعی طور پر 16 ملین ڈالر کی فنڈنگ ​​جمع کر کے ایشیا پیسیفک خطے میں 100 چھوٹی کمپنیوں اور سٹارٹ اپس کی سالانہ فہرست میں جگہ بنائی ہے۔
نیا پے کی قیادت چیف ایگزیکٹو آفیسر دانش لاکھانی جبکہ ڈیل کارٹ کی قیادت جیدر رضا کر رہے ہیں۔
فوربز کی اس فہرست میں ان کمپنیوں کو شامل کیا گیا ہے جنہیں ان کی اختراع، ترقی اور اپنی متعلقہ مارکیٹوں پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت کے لیے پہچانا گیا ہے۔
اس سال، 16 ممالک کی کمپنیاں اس فہرست میں شامل ہیں، جو 10 صنعتوں میں کام کر رہی ہیں، جن میں انٹرپرائز ٹیکنالوجی، روبوٹکس، فنانس، مینوفیکچرنگ اور توانائی شامل ہیں۔
اردونیوزکے مطابق فوربز کے مطابق ’نیا پے نے 2022 کے سیڈ فنڈنگ ​​راؤنڈ میں 13 ملین ڈالر اکٹھے کیے جس کی سربراہی زیِن کیپٹل، ایم ایس اے نوو اور گراف وینچرز نے کی۔‘
’ڈیل کارٹ نے جولائی میں سیڈ فنڈنگ ​​راؤنڈ میں تین ملین ڈالر اکٹھے کیے جس کی مشترکہ سربراہی دبئی میں مقیم شوروق پارٹنرز اور لندن میں قائم سٹرجن کیپیٹل نے کی۔‘
نیا پے ایک فنٹیک سٹارٹ اپ ہے جو پاکستان میں رقوم کی ادائیگی کے عمل کا پلیٹ فارم چلاتا ہے، اس کا مقصد صارفین اور کاروباروں کے درمیان لین دین کو ڈیجیٹلائز کرنے میں مدد کرنا ہے۔
نیا پے کے ترجمان کے مطابق ان کی آن لائن ایپ ای والٹ، ورچوئل ڈیبٹ کارڈز اور آن لائن ادائیگیوں کو سپورٹ کرتی ہے جبکہ انہوں نے کاروباروں کو بھی ’پوائنٹ آف سیل ڈیوائسز‘ فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے جنہیں سٹورز میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

فوربز کے مطابق، ڈیل کارٹ ایک ای کامرس اور ریٹیل سٹارٹ اپ ہے جس کا مرکزی دفتر کراچی میں ہے، اس کا مقصد پاکستان کے بڑھتے ہوئے متوسط ​​طبقے کو اشیا ضروریہ فراہم کرنا ہے۔
ڈیل کارٹ ایک آن لائن گروسری سٹور ہے جہاں سے پھل، سبزیاں، سنیکس، ڈٹرجنٹ اور دیگر اشیاء منگوائی جا سکتی ہیں۔ چھوٹے گروسری سٹورز بھی اپنے کسٹمرز بڑھانے کے لیے ڈیل کارٹ پر فروخت کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مئی میں سات پاکستانیوں کو فوربز 30 انڈر 30 کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا، جنہوں نے اپنے شعبوں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے لیے بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کی۔ ان میں فنٹیک انٹرپرینیور علینہ ندیم سرخیل باوانی، فلمساز بشریٰ سلطان، تروکر کی شریک بانی کسرہ زنائیر، لنک سٹار کے بانی عدیل عابد، اعزاز نیئر اور علی رضا شامل تھے۔
مارچ میں، فوربز نے سال 2024 کے لیے مشرق وسطیٰ کی 100 طاقتور ترین کاروباری خواتین کی فہرست میں دو پاکستانیوں کا نام بھی شامل کیا تھا جن میں میں متحدہ عرب امارات سے پیور ہیلتھ ہولڈنگ ہیلتھ کیئر نیٹ ورک کی شریک بانی اور گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر شائستہ آصف اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ بورڈ کی رسک اینڈ کمپلائنس کمیٹی کی بورڈ ممبر شازیہ سید بھی شامل تھیں۔