اسلام آباد:الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے سے متعلق کیس کی سماعت میں وکیل نے مزید وقت مانگ لیا۔
تفصیلات کے مطاب قالیکشن کمیشن میں جے یو آئی (ف )کے انٹراپارٹی انتخابات نہ کروانے سے متعلق کیس کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے کی، جمعیت علما اسلام کی جانب سے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جمعیت علما اسلام نے انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے لیے مزید وقت مانگ لیا ، معاون وکیل نے کہا کہ جے یو آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات پہلے صوبوں میں ہو رہے ہیں ، صوبوں میں انٹراپارٹی انتخابات کے بعد وفاقی سطح پر ہوں گے، ہم نے متعلقہ ونگ کو درخواست دی ہے کہ تھوڑا ٹائم دیا جائے۔
ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے کہا کہ جے یو آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کی مدت 7 جولائی سے مکمل ہو چکی ہے، ٹائم مکمل ہونے پر تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو جاتا ہے۔
ممبر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک پارٹی کا پہلے بھی تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہو چکا ہے، جے یو آئی کا تنظیمی ڈھانچہ ختم ہو چکا ہے۔
ممبر سندھ حکومت نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت پر آ کے دلائل دیں بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے پر سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان کو آج طلب کیا تھا۔