لاہور:لاہور کی سیشن کورٹ نے کالم نگار و تجزیہ کار اوریا مقبول جان کی جسمانی ریمانڈ کے خلاف دائر اپیل پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رفاقت علی قمر نے وکلا کے دلائل کے سننے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
دوران سماعت اوریا مقبول جان کے وکیل میاں علی اشفاق نے بتایا کہ اوریا مقبول نے کوئی ایسا بیان نہیں دیا جس سے کسی کی توہین ہوئی ہو، عدلیہ کے فیصلے پر تنقید کرنا ہر شخص کا حق ہے، یہ حق عدلیہ نے دیا ہے۔
یاد رہے کہ اوریا مقبول جان کے وکیل نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے جسمانی ریمانڈ کو چیلنج کر رکھا ہے۔26 اگست کو لاہور کی ضلع کچہری نے سائبر کرائم کیس میں کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا تھا۔22 اگست کو ضلع کچہری لاہور نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم مقدمے میں کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے محفوظ فیصلہ سنایا تھا، عدالت نے ہدایت دی تھی کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر رپورٹ عدالت پیش کریں۔21 اگست کو رات گئے اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا۔