راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپرنٹنڈٹ جیل کو جج کے سامنے ڈانٹ دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی جس میں بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی پیش ہوئے۔
دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کا جج سےمکالمہ ہوا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ وکلا، سیاسی رہنماؤں اور فیملی کوملنے نہیں دیا جارہا، یہ کیسا اوپن ٹرائل ہے، وکلاسے نہیں مل سکتا، جیل میں نئے اسٹاف کی تعیناتی کے بعد ملاقاتوں میں رکاوٹیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل انتظامیہ سے پوچھا جائے بیٹوں سے بات کیوں نہیں کرارہے، جج نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل طاہرشاہ کو روسٹرم پر بلاکر پوچھا کیا وجہ ہے ان کی بیٹوں سے بات نہیں کرارہے؟
طاہرشاہ نے بتایا کہ کل فون ملایا تو ان کے بیٹےموجود نہیں تھے جب بھی ان کے بیٹوں کوفون ملاتے ہیں وہ دستیاب نہیں ہوتےجس پر بانی پی ٹی آئی نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کو جج کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ پڑھے لکھے آدمی ہوعقل کی بات کرو۔
بانی پی ٹی آئی نے بیٹوں سے بات کرنے کے لیے باقاعدہ درخواست دے دی۔ عدالت کی جیل انتظامیہ کو بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کی ہدایت کردی۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی سماعت 30 اگست تک ملتوی کردی۔