وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چند برسوں میں اہداف کے حصول کے حوالے سے سعودی عرب کا وژن 2030 لائق تحسین ہے ،پاکستان سعودی عرب کے تجربات سے استفادہ کرسکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے حوالہ سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاری کے عمل کو ہموار کرنے اور اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرنے والی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہے۔
انہوں نے یہ باتسعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچرل انویسٹمنٹ کمپنی اور پاک برونائی انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ سمیت مشترکہ سرمایہ کاری کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمپنیوں کی پیشرفت، چیلنجز اور مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں دونوں کمپنیوں کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔
سی ای او سعودی پاک انڈسٹریل اینڈ ایگریکلچرل انویسٹمنٹ کمپنی نے ملک میں اسلامی مالیات ، ڈیجیٹل فنانس، تجارت، زراعت اور لائیو سٹاک کے فروغ کے لیے کمپنی کے اہم ترقیاتی اقدامات کے بارے میں پریذنٹیشن بھی دی۔ اجلاس میں ان کمپنیوں کے آپریشنز کے مختلف پہلوئوں بشمول سرمایہ کاری کی حکمت عملی، کارکردگی کی جانچ اور بعض رکاوٹوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سی ای او پاک برونائی انویسٹمنٹ کمپنی لمیٹڈ (پی بی آئی سی ایل) نے کمپنی کے پورٹ فولیو اور پاکستان میں اہم اقدامات کے بارے میں مختصر جائزہ پیش کیا۔
انہوں نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو پاکستان اور برونائی کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے میں پی بی سی آئی ایل کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی خدمات، ریئل سٹیٹ اور ایس ایم ای کی مدد کے ذریعے صنعت اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی سہولت فراہم کی گئی ہے، کمپنی نے ان شعبوں میں اہم پیش رفت کی ہے اوراس کے نتیجہ میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی استحکام کو فروغ مل رہا ہے۔
دونوں کمپنیوں نے اپنی کامیابیوں اور چیلنجوں کاجائزہ پیش کیا اور آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پالیسی سپورٹ کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں پرعزم ہے ، انہوں نے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں دونوں کمپنیوں کے کردار اور منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے عمل کو ہموار کرنے اور اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو مراعات فراہم کرنے والی پالیسیاں مرتب کی جارہی ہے۔