بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اٹل بہاری واجپائی نے بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی، حامد علی خان

لاہور:معروف ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گلوکار استاد حامد علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے چار دہائیاں قبل بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق حامد علی خان حال ہی میں نجی ٹی وی شو میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے کیریئر سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے 1979 میں انہیں استاد مہدی حسن کے ہمراہ نئی دہلی میں ہونے والے موسیقی کے ایک بڑے پروگرام میں بھیجا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اور اسد امانت علی خان اس وقت کم عمر تھے، اس لیے انہیں دیکھ کر ہر کسی نے سوال اٹھانا شروع کیے کہ حکومت پاکستان نے یہ کن بچوں کو یہاں بھیج دیا؟
گلوکار کا کہنا تھا کہ تقریب کے دوران جب انہوں نے اور اسد امانت علی خان نے گانا شروع کیا تو سب لوگ دنگ رہ گئے۔
استاد حامد علی خان کے مطابق نہ صرف اسی تقریب میں بلکہ اگلے روز اس وقت کی بھارت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی نے بھی ان کی تعریفیں کیں اور پھر اس وقت کے وزیر خارجہ اٹل بہاری واجپائی نے انہیں رات کے کھانے پر مدعو کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ تقریب میں دلیپ کمار، منوج کمار، لکشمی کانت پیارے لال اور متعدد موسیقار، گلوکار اور اداکار موجود تھے۔
حامد علی خان کے مطابق اگلے روز جب وہ اٹل بہاری واجپائی کے گھر گئے تو انہوں نے ان کی اور اسد امانت علی کی خوب تعریفیں کرنے کے بعد انہیں پاکستان سے بھارت منتقل ہونے کی پیش کش کی۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کو بتایا کہ ان کا پورا خاندان پاکستان میں ہے تو انہوں نے پورے خاندان کو بھارت منتقل کرنے کی بھی پیش کش کی۔
ان کے مطابق اٹل بہاری واجپائی نے صرف ایک ہی شرط رکھی کہ بھارت منتقل ہونے کے بعد ان کی شہریت بھارت کی ہوگی، جس پر وہ راضی نہ ہوئے۔
استاد حامد علی خان نے بتایا کہ پاکستانی شہریت چھوڑنے کی بات پر وہ بھارت منتقل ہونے کی پیش کش پر راضی نہ ہوئے۔