کراچی کے قریب بحیرۂ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کا خطرہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق ہوا کے شدید کم دباؤ کی شدت برقرار ہے جس کی وجہ سے سسٹم کے آگے بڑھنے کی رفتار کم ہے۔
ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق سے 200 کلو میٹر دور ہے، جس کے آج دوپہر یا شام تک بحیرۂ عرب میں آنے کا امکان ہے۔
یہ ڈیپ ڈپریشن بحیرۂ عرب میں مزید شدت اختیار کر کے سمندری طوفان بن سکتا ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ یہ سسٹم مغرب اور جنوب مغرب کی جانب حرکت کرتا رہے گا۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 28 سے 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
کراچی میں شمال مشرق کی سمت سے 22 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 85 فیصد ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے قیوم آباد چورنگی،اختر کالونی سے ایف ٹی سی آنے اور جانے والی سڑک، لیاقت آباد سے حسین آباد جانے والی سڑک پر بھی بارش کا پانی جمع ہے۔
ایم اے جناح روڈ سے بارش کے پانی کا نکاس کر دیا گیا ہے۔