بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

میری شادی کیلئے مسجد میں اعلان کیا گیا: ثمن انصاری

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی اداکارہ ثمن انصاری کا کہنا ہے میں اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا گئی تو نانا نانی نے میری شادی کروا دی، شوہر سے پہلی ملاقات منگنی والے دن ہوئی تھی، یہ شادی 16 سال چل سکی، طلاق کے بعد لوگوں کی باتوں کے ڈر سے پاکستان واپس نہ آ سکی۔

حال ہی میں ثمن انصای نے مزاحیہ اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جہاں اداکارہ نے نجی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔

دورانِ انٹرویو انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میں کم عمری میں اعلیٰ تعلیم کے لیے کینیڈا گئی، جہاں نانا نانی نے فیصلہ کیا کہ بچی آئی ہوئی ہے تو کیوں نہ اس کی شادی کروا دی جائے، جس پر گھر والے راضی ہو گئے۔

اداکارہ نے بتایا کہ نانا نانی نے مسجد میں اعلان کروایا کہ لڑکی آئی ہوئی ہے پڑھنے کے لیے اور شادی کے لیے دستیاب ہے، شادی کے خواہش مند افراد رابطہ کریں۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ اس زمانے میں موبائل فون یا واٹس ایپ نہیں ہوا کرتے تھے، کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں کمیونٹی سسٹم کے تحت اسی طرح شادیوں کے پیغامات بھیجے جاتے تھے۔

اداکارہ نے بتایا کہ پہلے شوہر کو منگنی والے دن پہلی بار دیکھا تھا، شادی کے بعد امریکا چلی گئی، لیکن شادی اور پڑھائی کے دوران کبھی امریکا تو کبھی کینیڈا آنا جانا لگا رہا، کیونکہ شوہر کی ملازمت کبھی امریکا میں تو کبھی کینیڈا میں رہی۔

ثمن انصاری نے بتایا کہ شادی کے بعد بیٹے کی پیدائش ہوئی، بیٹا جب 6 سال کا تھا تو طلاق ہو گئی، شادی کے 16 سال بعد طلاق ہوئی تو والدین کی اجازت سے پاکستان آنے کی بجائے دبئی جانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اپنے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ہر ملک کا طلاق کے حوالے سے اپنا ایک قانون ہوتا ہے اور وہاں کے قانون کے مطابق بچے کی تعلیم ان ہی اسکولوں میں برقرار رہے گی جہاں وہ زیرِ تعلیم ہے، اسے وہی ماحول ملے گا جس کا وہ عادی ہے اس لیے بیٹے نے زیادہ تر وقت اپنے والد کے ساتھ گزارا۔

اداکارہ ثمن انصاری نے کہا کہ طلاق کے فوری بعد بیٹے کو وہاں چھوڑ کر اگر پاکستان آ جاتی تو لوگ والدین کو طعنے دیتے کہ بیٹی نے طلاق لے لی، پھر بیٹے کو بھی چھوڑ کر آ گئی کیسی ماں ہے، اس لیے دبئی میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں گزر بسر کے لیے مختلف ملازمتیں کیں، فری لانس پروجیکٹ اور میک اپ آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔

واضح رہے کہ اداکارہ نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق کے بعد 2018ء میں امریکا میں قریبی دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں دوسری شادی کر لی تھی۔