اسلام آباد(ویب ڈیسک )وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سفیران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں ہے، کیونکہ ان کا چیپٹر بند ہوچکا ہے۔
نجی اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے خیبر پختونخواہ کے اقلیتی ونگ کے صدر سُریش کمار کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ موجودہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی وزرا اپنی حکومت، رہنما اور وزرا کی کرپشن کی گواہی دے رہے ہیں اور پی ٹی آئی کے قانون ساز مختلف عوامی ترقیاتی اسکیموں میں کمیشن حاصل کرنے کے لیے لڑ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما اور کارکنان صرف پارٹی چیئرمین عمران خان کو رہا کرانے کے لیے لگے ہوئے ہیں انہیں عوام کے مسائل کی فکر نہیں ہے۔
وفاقی وزیر نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ وزیر اعظم ہاؤس، گورنر اور وزیر اعلیٰ ہاؤس کو جامعات اور تعلیمی اداروں میں تبدیل کردوں گا، مگر حالیہ حالیہ پی ٹی آئی کی خیبر پختونخواہ کی حکومت جامعات کی زمین کو بیچنے کی منصوبہ بندی بنا رہی تھی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخواہ پر 12 سال سے حکمرانی کر رہی ہے، مگر اب تک عوامی ترقاتی پراجیکٹس میں تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی لیڈر شپ میں موجودہ وفاقی حکومت ملک میں معاشی استحکام لائی، انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک گر گئی ہے، ڈالر کا ریٹ ایک جگہ پر مستحکم تھا۔