بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انجلینا ملک کی کار کی دوسری گاڑی کو ٹکر، ہجوم نے گھیر لیا، ویڈیو وائرل

معروف پاکستانی اداکارہ و ماڈل انجلینا ملک کی گاڑی نے دوسری گاڑی کو ٹکر مار دی، اداکارہ کی گاڑی سے مبینہ طور پر یہ حادثہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیش آیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اداکارہ انجلینا ملک کی ویڈیوز وائرل ہوئی ہیں جن میں ہجوم نے اداکارہ اور ان کی گاڑی کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

ویڈیو میں مشتعل افراد کو اداکارہ کی گاڑی کے ارد گرد جمع دیکھا جا سکتا ہے، جنہوں نے اداکارہ سے گاڑی سے باہر نکلنے کا کہا۔

ہجوم نے اداکارہ سے اُن کا موبائل بھی چھین لیا تھا جبکہ اداکارہ اپنا موبائل واپسی کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں۔


اس وائرل ویڈیو میں اداکارہ کی گاڑی کے پاس کھڑے رکشہ اور دیگر گاڑیوں کے ٹوٹے ہوئے شیشوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو میں ہجوم سے بات چیت کی اور یقین دہانی کروائی کہ میں جائے وقوع سے بھاگوں گی نہیں، میرا موبائل واپس کر دیا جائے۔

اداکارہ انجلینا ملک کی گاڑی کے ساتھ دیگر گاڑیوں کے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ویڈیو کے وائرل ہونے پر سوشل میڈیا صارفین کارساز واقعے کے سبب غصے اور اشتعال میں نظر آئے جنہوں نے اداکارہ کے خلاف تبصرے کیے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ اداکارہ انجلینا ملک کار حادثے کے دوران نشے میں تھیں جس کی متعدد معروف شوبز شخصیات نے تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ اداکارہ انجلینا ملک کی جانب سے تو تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے مگر اُن کی ساتھی اداکارائیں اُن کی حمایت میں سامنے آ گئی ہیں۔

ان اداکاراؤں میں غنا علی اور اداکارہ و ہدایت کارہ امر خان سرِ فہرست ہیں۔

ان اداکاراؤں کا کہنا ہے کہ کار حادثے کے بعد ہجوم اداکارہ کو ہراساں کر رہا تھا، انجلینا ملک کوئی امیر زادی نہیں جو اس حادثے کے بعد بیرونِ ملک فرار ہو جائیں گی، وہ اسی ملک میں رہیں گی۔


اداکارہ غنا علی نے انجلینا ملک کی حمایت میں اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا ہے کہ انجلینا ملک نشے میں نہیں تھیں اور لوگوں نے انہیں ہراساں کرتے ہوئے ان کا فون بھی اٹھا لیا، انجلینا ملک کو صرف اداکارہ ہونے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا، افسوس کی بات یہ ہے کہ ہجوم میں شامل باحجاب خاتون نے بھی انہیں ہراساں کیا جو ان کا فون واپس نہیں کر رہی تھیں۔

غنا علی نے انجلینا ملک کی حمایت میں مزید لکھا کہ ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ انجلینا ملک نے کوئی غلطی نہیں کی، وہ اچھے طریقے سے سب کے ساتھ پیش آ ئیں جبکہ ہجوم نے انہیں ہراساں کیا۔

دوسری جانب اداکارہ امر خان نے انجلینا ملک کی حمایت میں سوشل میڈیا پر لکھا کہ انجلینا ملک لوگوں کی جان لینے والی امیر زادی کی طرح نشے میں نہیں تھیں اور نہ ہی وہ وہاں سے فرار ہوئی ہیں لیکن اس باوجود انہیں ہراساں کیا گیا، ہجوم سرِ عام روڈ پر ایک خاتون کو ہراساں کرتا رہا جس کی اس طرح کی حرکتیں خواتین کو غیر محفوظ محسوس کرواتی ہیں۔

اداکارہ امر خان نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر اس طرح کا کوئی روڈ ایکسیڈنٹ ہو جائے تو اس وقت حادثے کے شکار افراد کو ہراساں کرنے کے بجائے ان کی مدد کریں، سڑکوں پر موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں کی آپس میں ٹکر ہو جانا ایک عام بات ہے، اس لیے اس طرح خواتین کو ہراساں نہ کریں۔