اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما اور جہلم سے رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہاکہ جہلم میں شدید بارش، گزشتہ روز ڈومیلی کے قریب پرائیویٹ ڈیم ٹوٹنے، نالہ گھان اور دیگر نالوں میں شدید طغیانی سے پیدا شدہ طوفانی صورتحال میں الحمدللہ جہلم اور مضافات میں گزشتہ روز سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل ہوگیا ہے جس کے دوران 120 لوگوں کو ریسکیو کیاگیا۔ہفتہ کوسماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پرجاری پیغام میں بلال اظہر کیانی نے کہاکہ سیلابی پانی اترنے پر لوگوں کی گھروں کو واپسی شروع ہو چکی ہے۔ اس دوران میں عوام، ورکروں اور انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہا۔ ڈی سی جہلم، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے انتھک کام کیا۔ نالہ گھاں میں 50 ہزار کیوسک پانی کے بہاؤ سے نوگراں اور دیگر دیہات متاثر جبکہ تقریباً دس ڈیرہ جات ریلے کی زد میں آئے۔پادیہال سوہاوہ میں پل بھی بہہ گیا۔