اسلام آباد:وفاقی تحقیقاتی ایجسنی (ایف آئی اے) نے تحقیقات کے بعد انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف غیر اخلاقی مہم میں سینیئر صحافی و کالم نگار اوریا مقبول جان کی پروڈکشن ٹیم ملوث ہے، جس کے 2 ممبرز کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ہفتہ کے روز وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے تفتیش کے بعد رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف سوشل میڈیا پر شر انگیز اور غیر اخلاقی مہم میں سینیئر صحافی اور کالم نگار اوریا مقبول جان کی پروڈکشن ٹیم ملوث پائی گئی ہے، جس کے 2 ممبران کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل نے اوریا مقبول جان کیس میں ان کی پروڈکشن ٹیم کے 2 ممبرز مرتضیٰ خان اور احمد حسن کو لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان اوریا مقبول جان کے ٹیم ممبرز ہیں جو انہیں فوج، عدلیہ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں کے خلاف شرانگیز اور ہتک آمیز مواد فراہم کیا کرتے تھے، یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی تصاویر کو ایڈٹ کر کے شرمناک طریقے سے پیش کیا تھا۔
ملزم مرتضیٰ کا تعلق لاہور کے علاقہ مزنگ اور احمد حسن کا تعلق جہلم سے ہے، دونوں کے خلاف پیکا ایکٹ 2016 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے ایف آئی میں پہلے سے ہی مریم نواز کے خلاف سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی غیر اخلاقی مہم کے خلاف درخواست دائر کر رکھی تھی۔ اس پر اب ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے باضابطہ طور پر مقدمہ درج کر لیا ہے۔