راولپنڈی: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی تیسری برسی پر اُنہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
شیر کشمیر سید علی شاہ گیلانی کی آج تیسری برسی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے، برسی کے موقع پر مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔
اس موقع پر مشعال ملک نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی اور کشمیری قوم کی جانب سے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں۔
مشعال ملک نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک شخص کا نہیں بلکہ ایک سوچ اور انقلاب کا نام ہے، سید علی گیلانی نے ساری زندگی آزادی کے لیے وقف کر دی۔
اُنہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نام تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، شہیدوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔
مشعال ملک نے مزید کہا کہ لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں، آزادی کی جہدوجہد میں شدت آئے گی، ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ سید علی گیلانی بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف اور کشمیر کے پاکستان سے الحاق کے سخت حامی تھے، عمر بھر غاصب بھارتی فوج کے مظالم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تحریک آزادی پر آواز بلند کرتے رہے۔
رودادِ قفس، نوائے حریت، بھارت کے استعماری حربے سمیت 21 تصانیف تحریر کیں جبکہ صدائے درد، ملت مظلوم، مقدمہ حق اور پیام آخرین کے مصنف بھی تھے۔
تحریک آزادی میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے سید علی گیلانی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے نوازا تھا۔