بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی شادی کا وینیو سامنے آگیا

ممبئی: سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر ویب سیریز ‘ہیرا منڈی’ کی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور اداکار سدھارتھ سورینارائن کی شادی کی وینیو سامنے آگیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ادیتی راؤ حیدری نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنے منگیتر سدھارتھ سورینارائن کے پرپوزل اور شادی کی منصوبہ بندی کے بارے میں بات کی۔

ادیتی راؤ حیدری نے کہا کہ سدھارتھ نے مجھے میری دادی کی جانب سے قائم کردہ اسکول میں پہلی بار شادی کے لیے پرپوز کیا تھا، میں اس موقع پر جذباتی ہوگئی تھی اور میں نے فوراََ ہی پیشکش قبول کرلی تھی۔
انٹرویو کے دوران، ادیتی راؤ حیدری سے اُن کی شادی کے منصوبوں کے حوالے سے سوال پوچھا گیا جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں اور سدھارتھ ‘واناپارتھی’ میں 400 سال پرانے مندر میں شادی کریں گے کیونکہ یہ مندر ہمارے خاندان کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

اداکارہ نے وینیو کے علاوہ، شادی کے حوالے سے دیگر تفصیلات شیئر کرنے سے گریز کیا۔

یاد رہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے رواں سال منگنی کی تھی، شروعات میں جوڑے نے منگنی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعد میں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر سدھارتھ کے ہمراہ تصویر شیئر کرکے منگنی کا اعلان کردیا تھا۔

واضح رہے کہ ادیتی راؤحیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا کے ساتھ ہوئی تھی۔ دونوں نے اپنی شادی کو خفیہ رکھا تھا لیکن بعد میں اس جوڑی کے درمیان طلاق ہوگئی تھی۔

دوسری جانب سدھارتھ نے سال 2003 میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، اُن کی یہ شادی طویل عرصے تک نہیں چل سکی اور سال 2007 میں دونوں میں علیحدگی ہوگئی تھی۔