اسلام آباد(ممتاز نیوز )صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے کہ ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی ایف بی آر کی نالائقی کی عکاس ہے،عوام پر 1800 ارب روپے کے ٹیکس کا بوجھ ڈال کر بھی ایف بی آر ہدف حاصل نہیں کرسکا ہے ۔
آئی ایم ایف پروگرام کے حصول کیلئے اب ٹیکسوں کی شرح مزید بڑھانے کی تیاری کی جا رہی ہے جو کسی صورت بھی درست اقدام نہیں ہے۔
صدر فیڈریشن عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ایف بی آر کو دو ماہ میں ہی 98 ارب روپے کے ٹیکس شارٹ فال کا سامنا رہا اس کا مطلب ہے حکومت کی جانب سے اضافی ٹیکس لگانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے۔ٹیکسز میں اضافہ کر کے کاروباری اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ اور برآمدی شعبے کو متاثر کیا گیاہے۔پاکستان میں ٹیکسوں کی شرح کو بڑھانے کے بجائے ٹیکس کی بنیاد میں اضافہ کیا جائے جس کیلئے ٹیکس کی شرح میں کمی کیا جانا ضروری ہے۔چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک نے کہا کہ مہنگائی کم ہوکر بارہ فیصد تک آ گئی ہے ،شرح سود ساڑھے انیس فیصد بہت زیادہ ہے اس کو کم کر کے پندرہ فیصد تک لایا جائے۔لوگ اپنا سرمایہ بینکوں میں رکھ کر بھاری منافع لیتے رہیں گے تو پیسہ مارکیٹ میں نہیں آ سکے گا۔
چئیرمین کوارڈنیشن ملک سہیل حسین نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کی قیمتیں ریجن ممالک میں سب سے زیادہ ہیں،اگر کیپسٹی چارجز ختم کر دئیے جائیں تو چوبیس روپے فی یونٹ کم ہوسکتا ہے۔اس وقت ہر طبقہ بھاری بجلی کے بلوں سے پریشان ہے اور ہر طرح کا کاروبار متاثرہورہاہے۔