اسلام آباد (ممتازز نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے افراط زر کی شرح اور ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق مہنگائی کے اعشاریوں میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جولائی 2024 میں کنزیومر پرائس انڈیکس میں ریکارڈ کمی ہوئی اور افراط زر کی شرح 11 فیصد پر آگئی ، معاشی ماہرین کی جانب سے ستمبر کے مہینے میں افراط زر کی شرح میں مزید کمی کی پیشگوئی خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ فچ کے بعد حال ہی میں الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا ہے جو کےعالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کا اعتراف ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکومت معاشی اصلاحات کی پالیسی پر گامزن ہے، حکومت کی رائٹ سائزنگ پالیسی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے جس کی نگرانی میں خود کر رہا ہوں, اس کے معیشت پر مثبت اثرات جلد نمایاں ہونگے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو بلوں کی مدد میں ایک بڑا ریلیف دیا گیا، آج سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے ، ہماری حکومت تمام فوائد عام آدمی تک منتقل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی معاشی اور مالیاتی ٹیم کی محنت سے معیشت استحکام کی جانب بڑھ رہی ہے ، عوام کی مشکلات کا احساس ہے؛ حکومت عوام کی مشکلات اور مسائل کے حل کے لئے دن رات کام کر رہی ہے۔