پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار وسیم عباس نے ساتھی اداکار فردوس جمال کے اداکار ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے بارے میں دیے متنازع بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
وسیم عباس ایک وی لاگ کا بذریعہ ٹیلی فون حصّہ بنے جہاں فردوس جمال کے ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کے بارے میں دیے گئے بیان پر ان کی رائے پوچھی گئی۔
جس پر اُنہوں نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں اس بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں؟ میرے خیال میں ہمیں کسی کی عمر کے حوالے سے بات کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
اداکار نے کہا کہ مجھے کسی کی عمر سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ماہرہ خان اب بھی خوبصورت ہیں، وہ آخری بار ’مولا جٹ‘ میں اسکرین پر نظر آئی تھیں اور ہمیں اس بات کو قبول کرنا چاہیے کہ وہ اس فلم میں بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔
اُنہوں نے کہا کہ سینئر ہونے کی حیثیت سے ہمیں اپنے ساتھی اداکاروں کے بارے میں اپنی رائے بتاتے وقت بہت محتاط رہنا چاہیے۔
وسیم عباس نے کہا کہ کسی بھی اداکار کی کارکردگی پر تنقید کی جا سکتی ہے لیکن اس کی عمر کے حوالے سے بات کرنا مناسب نہیں ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح فردوس جمال نے ہمایوں سعید پر تنقید کرتے ہوئے یہ کہا کہ کیا وہ مارلن برانڈو ہیں؟ تو اس پر میں کہوں گا کہ یہ بالکل بے جا تنقید ہے اور اس طرح کی بے جا تنقید نہیں ہونی چاہیے۔
اداکار نے ہمایوں سیعد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بڑے اسٹار ہیں اور ان کے مداحوں کی بہت بڑی تعداد ہے اس لیے وہ پاکستان کے مارلن برانڈو ہی ہیں۔
اُنہوں نے بالی ووڈ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ خان اور سلمان خان کی عمر بھی تو زیادہ ہے، وہ دونوں اب بھی فلموں میں بطور ہیرو نظر آتے ہیں، لوگ اُنہیں پسند بھی کر رہے ہیں، ان کی فلمیں باکس آفس پر اچھا منافع بھی کما رہی ہیں تو پھر اور کیا چاہیے۔