بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چینی صدر کی افریقی ممالک کے صدور سے ملاقات

 

بیجنگ (ممتاز نیوز) چینی  صدر شی جن پھنگ نے مالی کے صدر عاصمی گوئٹا سے ملاقات کی، جو بیجنگ میں چین-افریقہ تعاون فورم (ایف او سی اے سی) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے چین میں موجود ہیں۔ دونوں سربراہان مملکت نے اعلان کیا کہ چین اور مالی  کے تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح تک بلند کیا جائےگا۔
شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین اور مالی کے درمیان دوستی  دونوں ممالک کی پرانی نسل کے رہنماؤں نے  قائم کی تھی۔ ساٹھ سال قبل دونوں فریقوں نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں پہلی بار چین کی غیر ملکی امداد کے آٹھ اصول شامل کیے گئے تھے جن میں قومی خودمختاری کے احترام، آزاد اقتصادی ترقی اور داخلی معاملات میں عدم مداخلت کی وکالت کی گئی تھی۔ یہ اصول نہ صرف چین اور مالی  کے درمیان طویل مدتی دوستی اور تعاون کے لئے رہنما ہیں بلکہ چین اور افریقہ کے لئے ایک نئے بین الاقوامی نظام کے قیام کو فروغ دینے کا پیش خیمہ بھی ہیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ چین نے ہمیشہ افریقی عوام کے مستقبل اور تقدیر کا آزادانہ طور پر تعین کرنے میں ان کی حمایت کی ہے اور مالی اور دیگر افریقی ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان کے متعلقہ قومی حالات کے مطابق جدیدکاری کے راستے پر چلنے کے لئے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ چین افریقہ تعاون فورم (ایف او سی اے سی) کا سربراہ اجلاس نئے دور میں چین افریقہ تعاون کے لئے ایک نیا خاکہ تیار کرنے، مشترکہ طور پر جدیدکاری کو فروغ دینے اور  ایک اعلی سطحی چین-افریقہ  ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے پرعزم ہے۔ چین مالی اور دیگر فریقین کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ سربراہی اجلاس سے بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔
صدر  گوئٹا نے چین افریقہ تعاون فورم کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے اور گرمجوش اور دوستانہ استقبال کرنے پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی  اور چین کے عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور باہمی تعاون مخلصانہ اور عملی ہے۔ انہوں نے مالی کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں قابل قدر مدد پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ مالی  چین کے ساتھ  دوستی کو مزید مستحکم کرنے، اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھانے اور زراعت، توانائی ،کان کنی اور سلامتی میں باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے کی امید رکھتا ہے۔ دنیا میں صرف ایک چین ہے اور مالی ایک چین کے اصول پر سختی سے کاربند ہے۔ مالی  اور چین دونوں قومی خودمختاری اور آزادی کا احترام کرتے ہیں اور دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتے ہیں۔ مالی  علاقائی اور عالمی امن اور ترقی کو فروغ دینے کے لئے چین کی کوششوں اور تعاون کو سراہتا ہے اور چین کے ساتھ قریبی کثیر الجہتی تعاون کا منتظر ہے۔
اسی دن صدر شی جن پھنگ نے موجودہ سمٹ میں شریک ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر سی) کے صدر فلکس انٹوونتے سیکیڈی،جبوتی کے صدر اسماعیل عمرگراڈ،ٹوگو کے صدر ووئل ایسوزیم نسیمو ، کوموروس کے صدر ازالی عثمانی اور جنوبی افریقہ کے صدر سیریل  رامفوسا سے بھی ملاقات کی۔