وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ ہنی ٹرپ بڑا مسئلہ ہے، لوگ رشتوں کے چکر میں بھی کچے میں چلے جاتے ہیں۔
سندھ اسمبلی اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جواب دیتے ہوئے ضیا لنجار نے ہنی ٹرپ معاملے پر مزید کہا کہ سستے سودے پر بھی لوگ وہاں چلے جاتے ہیں، حالانکہ اخبارات میں بھی اشتہار دیے ہیں کہ ہنی ٹرپ سے بچا جائے۔ لوگ یہ بھی نہیں سوچتے کہ 20 لاکھ والی چیز 5 لاکھ میں کیسے مل سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے گزشتہ دو ماہ میں پانچ ڈاکو کشمور پولیس نے مارے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمور پولیس نے 27 ڈاکوؤں کو گرفتار کیا ہے، ڈاکوں کے پاس سے خطرناک اسلحہ برآمد کیا گیا، کشمور ضلع سے اب تک صرف دو افراد بازیاب نہیں ہوئے۔